ناریل پانی، لیمو پانی صحت کیلئے بہتر، دھوپ سے بچنے ہلکے کپڑوں کے استعمال سے راحت
حیدرآباد ۔26فروری(سیاست نیوز) شہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی ٹھنڈے مشروبات کی فروخت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے لیکن ٹھنڈے مشروبات کے استعمال میں عوام کو احتیاط کرنی چاہئے تاکہ ٹھنڈے مشروبات کے نقصان سے بچا جا سکے۔ دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں تیزی سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اس اضافہ سے نمٹنے کے لئے عوام بے دریغ ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کرنے لگتے ہیں جو کہ درست نہیں ہے۔ بوتل بند مشروبات کا استعمال کئی دیگر بیماریوں کا موجب بنتا ہے اسی لئے ان مشروبات کے بجائے پھلوں سے تیار کئے جانے والے مشروبات اور ناریل پانی جیسی اشیاء کا استعمال کیا جانا چاہئے تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہنے کے ساتھ ساتھ جسم میں اعتدال برقرار رہ سکے۔ عام طور پر گرما کی آمد کے ساتھ ہی ٹھنڈی اشیاء کا استعمال بڑھ جاتا ہے لیکن اس بات کا خیال نہیں رکھا جاتا کہ ان ٹھنڈے مشروبات کا جسم پر کیا نقصان ہوتا ہے۔ حلق سوکھنے کی شکایات کو دور کرنے کے لئے فوری طور پر بوتل بند مشروبات کا استعمال کیا جانے لگتا ہے جو کہ انسانی صحت کے لئے مضر ہے اس کے باوجود اس کے استعمال سے راحت حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ موسم گرما کے دوران ناریل پانی‘ لیمو پانی‘ پھلوں کے شربت اور ٹھنڈے میوہ جات کا استعمال بہتر ہے لیکن عوام ان اشیاء سے کہیں زیادہ بوتل بند مشروبات پر انحصار کرتے ہیں جو کہ انسان کے نظام مدافعت کو بھی متاثر کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق موسم گرما کے دوران لسی‘ لیمو پانی‘ ناریل پانی جس سے خارج ہونے والے پانی کا متبادل ثابت ہوتے ہیں اور ان اشیاء کے استعمال سے راحت بھی حاصل ہوتی ہے جبکہ بوتل بند مشروبات سے وقتی راحت میسر آتی ہے لیکن اس کے مضر اثرات طویل مدت تک برقرار رہتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹھنڈے مشروبات دھوپ میں سے پہنچ کر فوری استعمال کرنے سے بھی گریز کرنا چاہئے کیونکہ ایسا کرنے سے لو لگنے کا خدشہ ہوتا ہے اور ان خدشات سے نمٹنے کیلئے احتیاط لازمی ہے۔ گرمی کی تمازت سے بچنے کیلئے تمام احتیاط کی جانے چاہئے لیکن گرمی سے راحت کیلئے بوتل بند ٹھنڈے مشروبات کا استعمال صحت انسانی کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں کا موجب بن سکتا ہے اور اس طریقہ راحت کو اختیار کرنے والے بوتل بند مشروبات کے عادی بھی بن سکتے ہیں۔موسم گرما کی تمازت سے بچنے کے لئے احتیاطی اقدامات کئے جانے چاہئے لیکن صرف ٹھنڈے مشروبات کا استعمال موسم گرما میں دھوپ کی تمازت سے محفوظ نہیں رکھتا بلکہ دھو پ میں نکلنے سے قبل سر‘ گردن‘ کان وغیرہ کو بہتر طریقہ سے ڈھانک کر نکلنا چاہئے تاکہ لو سے محفوظ رہا جا سکے۔ٹھنڈے مشروبات میں گھریلو طرز پر تیار کردہ کیری کے شربت‘ لسی اور لیمو پانی سے کافی راحت حاصل کی جا سکتی ہے ۔