گرمیت کے معاملہ سے مذہبی شخصیتیں بدنام: رامدیو

اندور۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سربراہ ڈیرہ سچا سودا گرمیت رام رحیم سنگھ کو ریک کے جرم میں 20 سال کی سزائے قید سنانے کے ایک روز بعد یوگا گرو رام دیو نے آج کہا کہ اس طرح کے معاملے مذہبی شخصیتوں کیلئے الجھن کا سبب بن رہے ہیں۔ یہاں ایک نجی پروگرام میں حصہ لینے آئے رام دیو نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ یہ درست ہی کہ ہمیں اس طرح کے کیسوں کی وجہ سے پشیمانی کا سامنا ہے، جو حالیہ دو تین برسوں میں منظرعام پر آئے ہیں۔ مقبول عام یوگا گرو سے دو ریپ کیسوں میں خودساختہ گاڈمین کی سزاء دہی کے تعلق سے تبصرہ کی خواہش کی گئی تھی۔ تاہم انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر کوئی مذہبی شخصیت کسی فوجداری کیس میں مجرم پائی جاتی ہے تو ساری سادھو برادری کو غلط نظروں سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ رامدیو نے مذہبی اور روحانی رہنماؤں کو تاریخ پر غور کرنے اور صدیوں قبل ہندوستانی سادھوسنتوں کے قائم کردہ طرزعمل کو اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔