گرما کی شدت کے ساتھ ہی ٹھنڈے مشروبات کی طلب میں اضافہ

بوتل بند مشروبات مضر صحت ، پانی کے زیادہ استعمال کے لیے ڈاکٹرس کا مشورہ
حیدرآباد۔14مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی ٹھنڈے مشروبات کی فروخت میں زبردست اضافہ ہونے لگا ہے اور عوام میں قدرتی مشروبات کے استعمال کا رجحان بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے ۔ شہر میں گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ سے نمٹنے کے لئے شہریوں میں گذشتہ برسوں کے دوران بوتل بند مشروبات کے استعمال کا رجحان دیکھا جاتا رہاہے لیکن جاریہ سال قدرتی مشروبات کے استعمال کی سمت شہری مائل نظر آرہے ہیں کیونکہ ڈاکٹرس کی جانب سے بوتل بند مشروبات کے استعمال کو ترک کرنے کے متعدد مشورے دئے جارہے ہیں اور بوتل بند مشروبات سے ہونے والے نقصانات سے واقف کرواتے ہوئے اس بات کو واضح کیا جا رہاہے کہ بوتل بند مشروبات عارضی طور پر گلے میں ٹھنڈک کا سبب بنتے ہیں لیکن اس کے کئی نقصانات ہیں جو کہ مختلف بیماریوں کی شکل میں سامنے آتے رہے ہیں۔جاریہ موسم گرما کے دوران گرمی کی شدت میں ابتدائی ایام سے ہی اضافہ ہونے لگا ہے جس کے نتیجہ میں ٹھنڈے مشروبات کے استعمال میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور شہری بوتل بند مشروبات کے بجائے گنے کا شربت‘ پھلوں کے مشروبات‘ ناریل پانی ‘ لیمو پانی کے علاوہ تربوز کے استعمال کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ڈاکٹر س کا کہناہے کہ موسم گرما کے دوران جسم سے پانی کے پسینہ کی شکل میں اخراج کے سبب نقاہت اور کمزوری پیدا ہونے لگتی ہے اس کمزوری اور نقاہت کے علاوہ لو لگنے سے محفوظ رہنے کیلئے ضروری ہے کہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے اور پانی کے استعمال کے ساتھ ساتھ شدید دھوپ کے اوقات میں دھوپ میں نکلنے سے اجتناب کیا جائے۔بوتل بند مشروبات کے نقصانات کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈاکٹرس کی جانب سے شہریوں کو یہ صلاح دی جا رہی ہے کہ وہ ایسے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں جو جسم کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ جسم میں پانی کے اخراج سے پیدا ہونے والی نقاہت کو دور کرنے کے لئے بھی مؤثر ہوں۔حیدرآباد میں بڑھتی جارہی دھوپ کی تماز ت کے متعلق ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ آئندہ دنوں کے دوران دھوپ کی شدت اور تمازت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے اسی لئے شہریوں کو راست دھوپ میں نکلنے کے علاوہ پانی کے استعمال میں کثرت کرنی چاہئے اس کے علاوہ لو لگنے سے محفوظ رہنے کیلئے ضروری ہے کہ شہری جسم کو درکار پانی کا استعمال کرتے رہیں اور پیاس کی شدت میں فوری ٹھنڈے پانی یا ٹھنڈے مشروبات کے استعمال سے بچتے ہوئے سادہ پانی کے استعمال کو ترجیح دیں تاکہ ان کے جسم میں دھوپ سے پیدا ہونے والی حرارت قابو میں رہے۔