گرما میں پانی کی قلت سے نمٹنے خصوصی اقدامات مئیر حیدرآباد کا جائزہ اجلاس ، عہدیداروں کو ہدایات

حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : موسم گرما کے پیش نظر پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے بلدیہ کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ یہ بات مئیر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن نے بتائی ۔ انہوں نے آج شہر میں پینے کے پانی کی اسکیم کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ہر ہفتہ متعلقہ واٹر ریزروائر ( آبی ذخیرے ) کے یہاں اجلاس منعقد کریں ۔ اس خصوص میں مئیر نے آج ملکاجگیری اور الوال سرکل کا جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ شہر میں ماہ اپریل سے پیش آنے والے پینے کے پانی کے مسئلہ پر مئیر نے تشویش کا اظہار کیا اور اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ وہ پینے کے پانی کی فراہمی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ پانی کے استعمال اور بچت پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ انہوں نے کارپوریٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ پانی کی بچت اور فضول خرچی سے بچنے عوام میں شعور بیدار کریں چونکہ پانی کی قلت کے وقت اس کا بے جا استعمال اور فضول خرچی سے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ مئیر حیدرآباد نے کہا کہ شہری خدمات کو مزید بہتر بنانے اور ترقیاتی کاموں میں عوام کی شراکت داری کے لیے بہت جلد وارڈ کمیٹیوں کو قائم کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کمیٹیوں میں سینئیر ریٹائرڈ عہدیدار ایڈیشنل ویلفیر اسوسی ایشن ، عوامی قائدین سابق عوامی منتخبہ نمائندے ، شہری خدمات میں دلچسپی دکھانے والے افراد کو شامل کیا جائے گا ۔ اس موقع پر کمشنر بلدیہ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ فاضل پانی ، بورویلز اور پارکوں میں نلوں سے خارج ہونے والے پانی زیر زمین پہونچانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر چیف انجینئر امتیاز احمد و دیگر موجود تھے ۔۔