حیدرآباد۔/6مئی، ( سیاست نیوز) ماہ رمضان میں بلارکاوٹ پانی سربراہ کرنے کیلئے حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس ایم ڈی مسٹر دانا کشور نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ دانا کشور نے ماہ رمضان اور موسم گرما کے پیش نظر شہریان کو بلارکاوٹ پانی کی سربراہی سے متعلق واٹر ورکس کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام مساجد کو درکار پانی بلارکاوٹ فراہم کیا جائے اور مساجد انتظامیہ کی جانب سے رقم کے عوض واٹر ٹینکرس بک کئے جانے پر فوری ٹینکرس کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جائے۔ انہوں نے تمام جنرل منیجرس کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی مساجد کا دورہ کرتے ہوئے پانی کی سربراہی سے متعلق جائزہ لیکر رپورٹ تیار کریں۔ دانا کشور نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جاریہ ماہ کے اواخر میں شہر کی مختلف مساجد کا دورہ کرنے کی توقع ہے۔ لہذا مساجد کے پاس سڑکوں اور گلیوں میں پانی کی وجہ سے ہونے والی گندگی کا خاص خیال رکھا جائے اور شہر میں بڑی گہرائی میں موجود مین ہولس کی نشاندہی کرتے ہوئے گریلس کی تنصیب اور خراب حالات میں موجود مین ہولس کی مرمت 15 مئی تک مکمل کرنے کا مشورہ دیا۔ اس اجلاس میں واٹر بورڈ آپریشن ڈائرکٹر I کرشنا ، آپریشنس 2 ڈائرکٹر روی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک رہے۔