تاریخ پرمحکمہ تعلیم اور خانگی اسکولس میں اختلاف‘ یوم تاسیس کے پیش نظر احکامات پر عمل آوری ‘خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد۔21مئی (سیاست نیوز) محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ تعلیمی کیلینڈر کے مطابق ریاست تلنگانہ میں تعلیمی اداروں کی کشادگی یکم جون کو عمل میں لائی جائے گی لیکن شہرمیں کئی اسکول ایسے ہیں جو کہ 4‘11اور 18 جون سے دوبارہ کھولے جائیںگے۔ شہر میں موجود ان اسکولوں کی کشادگی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق بتایا جاتاہے کہ حکومت نے 2جون کو ریاست کے یوم تاسیس کے پیش نظر اسکولوں کی کشادگی کی تاریخ یکم جون رکھی ہے تاکہ تمام اسکولوں میں ریاست کی یوم تاسیس تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا جاسکے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق تمام اسکولوں کی یکم جون کو کشادگی عمل میں لائی جانی چاہئے لیکن شہر کے بیشتر اسکولوں کی جانب سے یکم جون کے بعد کشادگی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے سبب طلبہ کی تعداد میں کمی ہوگی اور جون میں مختلف تواریخ میں تعطیل دینی پڑیں گی اسی لئے گرمائی تعطیلات جو جاری ہیں ان میں ہی توسیع دی جا رہی ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ دونوں کو ہی کسی بھی قسم کی کوئی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری ‘ امدادی‘ خانگی اور اقامتی اسکولوں کی کشادگی کی تاریخ کے تعین کے بعد بھی اسکولوں کی جانب سے تاریخ کی تبدیلی کے سلسلہ میں محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ حکومت کے احکام کی خلاف ورزی نہیں کی جا سکتی جبکہ خانگی اسکولوں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اسکول کی کشادگی کے فیصلہ کا اختیار رکھتے ہیں۔ خانگی اسکولوں کے انتظامیہ کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ تعلیمی کیلینڈر میں موجود نقائص کو دور کرنے کے اقدامات کئے جانے ضروری ہیں حکومت کی جانب سے ریاست کے یوم تاسیس کو اسکولوں میں منانے کے لئے یکم جون سے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ جون کے پہلے ہفتہ میں شدید گرمی ہوا کرتی ہے اور سال گذشتہ بھی محکمہ تعلیم کو خفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ماہر اساتذہ کا کہناہے کہ محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیداروں کو تعلیمی کیلینڈر کی تیاری کے دوران زمینی حقائق کا جائزہ لینا چاہئے کیونکہ جس صورتحال کا سامنا اساتذہ اور طلبہ کرتے ہیں اس صورتحال سے محکمہ کے اعلی عہدیدار واقف نہیں ہوتے اسی لئے من مانی فیصلہ کرتے ہیں اور ان فیصلوں میں متعدد مرتبہ ترمیم کرنی پڑتی ہے۔ محکمہ تعلیم کا کہناہے کہ تعلیمی کیلینڈر کے مطابق اسکولوں کی کشادگی عمل میں لانا اسکولوں کی ذمہ داری ہے اور جو بھی اس کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا اس کے خلاف محکمہ کی جانب سے سخت کاروائی کی جائے گی۔