گرمائی تعطیلات میں جونیر کالجس میں کلاسیس چلانے کیخلاف انتباہ

حیدرآباد ۔ 28 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے گرمائی تعطیلات کے دوران انٹرمیڈیٹ کے کلاسیس چلانے اور داخلے کے عمل کو جاری رکھنے کی صورت میں ان کالجوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا اور کہاکہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے جونیر کالجوں کی مسلمہ حیثیت کو بھی منسوخ کردیا جائے گا جبکہ اب تک ہی بڑے پیمانے پر کلاسیس چلائے جانے والے اور انٹرمیڈیٹ سال اول و دوم میں داخلوں کے عمل کا آغاز کرنے کی موصولہ اطلاعات پر معائنے کرکے 396 جونیر کالجس (پرائیویٹ و کارپوریٹ کالجوں) کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی گئی۔ سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ڈاکٹر اے اشوک نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ریاست کے جونیر کالجس میں داخلوں سے متعلق آئندہ ماہ 21 مئی کو باقاعدہ طور پر اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور داخلہ اعلامیہ کی اجرائی سے قبل دیئے گئے داخلوں کو کالعدم کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے جونیر کالجس جو ہاسٹلس سہولتوں کے ساتھ جونیر کالجس چلانا چاہتے ہیں انہیں ضروری ہوگا کہ ہاسٹلس کیلئے بھی علحدہ منظوری (اجازت) حاصل کریں۔