گرفتار بی ایس ایف جوان کی آج ہندوستان حوالگی

نئی دہلی 7 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی حکام نے آج ہندوستانی بی ایس ایف عہدیداروں کو یہ تیقن دیا کہ بی ایس ایف کے ایک جوان کو کل ان ( بی ایس ایف ) کے حوالے کردینگے ۔ یہ جوان دریائے چناب میں پانی کی تیز لہروں میں بہتے ہوئے پاکستانی حدود میں چلا گیا تھا جسے وہاں گرفتار کرلیا گیا ۔ بی ایس ایف کے ذرائع نے کہا کہ ایک کمپنی کمانڈر سطح کی فلیگ میٹنگ آج جموں کے سندر بانی سیکٹر میں منعقد ہوئی اور پاکستانی رینجرس نے نے کہا کہ بی ایس ایف جوان ستیہ شیل یادو کو کل واپس کردیا جائیگا ۔ ذرائع نے کہا کہ پاکستانی حکام نے اس بی ایس ایف جوان کی واپس حوالگی کیلئے امکانی وقت سہ پہر تین بجے کا بتایا ہے ۔ پاکستانی رینجرس کچھ امور کی تکمیل کرینگے اور پھر یادو کو بی ایس ایف کے حوالے کردیا جائیگا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ انہیں مطلع کیا گیا ہے کہ یادو اچھی حالت میں ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ اس سے پاکستانی انٹلی جنس اور سکیوریٹی عملہ نے کچھ پوچھ تاچھ بھی کی ہے ۔

کہا گیا ہے کہ یادو اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ پرگوال ۔ خود سب سیکٹر میں پٹرولنگ پر تھا اور اسی وقت جس کشتی میں وہ سوار تھے اس میں کچھ مسئلہ پیدا ہوگیا ۔ عہدیداروں کے بموجب جب پٹرولنگ دستہ ایک چھوٹی کاٹ سے گذر رہا تھا کہ موٹر بوٹ کا انجن ناکام ہوگیا ۔ وہاں بی ایس ایف جوانوں کو بچانے کیلئے ایک امدادی بوٹ روانہ کی گئی تھی تاہم یادو دریائے چناب کے پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا اور وہ پاکستان کے سیالکوٹ سیکٹر میں چلا گیا جہاں گاؤں والوں نے ابتداء میں اسے پکڑا اور پھر بعد میں پاکستانی رینجرس کے حوالے کردیا گیا ۔ بی ایس ایف کے ڈائرکٹر جنرل ڈی کے پاٹھک نے

قبل ازیں کہا کہ بی ایس ایف کی جانب سے اپنے جوان کو واپس لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واگھا سرحد کے ذریعہ ہم نے ایک درخواست روانہ کی ہے اور ہم نے کمانڈنٹ سطح کی فلیگ میٹنگ کی درخواست بھی کی ہے ۔ ہم اپنے جوان کو واپس لانے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ پاکستان اس جوان کو بہت جلدواپس بھیج دے گا۔ بی ایس ایف سربراہ نے کہا کہ یہ جوان حادثاتی طور پر پاکستانی حدود میں چلا گیا تھا اور وہ کسی طرح کی کارروائی کا حصہ نہیں ہے ۔ لاہور میں پاکستانی رینجرس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ہم نے اس سپاہی کو رہا کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عہدیدار نے کہا کہ ہم نے اس سے پوچھ تچھ مکمل کرلی ہے اور اسے کل میڈیا کی موجودگی میں بی ایس ایف کے حوالے کردیا جائیگا۔