گرفتاری سے بچنے کیلئے سومنا تھ بھارتی روپوش

فی الفورخود سپردگی اختیار کرلینے چیف منسٹر دہلی کی ہدایت
نئی دہلی ۔ 23 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے آج عام آدمی پارٹی کے روپوش رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی کے مزید قریبی ساتھیوں کو حراست میں لیکر پوچھ تاچھ کی ہے تاکہ ان کا اتہ پتہ معلوم کیا جاسکے۔ مسٹر بھارتی کے خلاف ان کی اہلیہ نے اقدام قتل اور گھریلو تشدد کے الزامات عائد کئے ہیں لیکن وہ گرفتاری سے بچنے کیلئے غائب ہوگئے ہیں ۔ پولیس نے ان کے بھائی لووک ناتھ بھارتی اور پرائیویٹ سکریٹری کو کل شام حرات میں لیکر پوچھ تاچھ کرنے کے بعد رہا کردیا۔ جوائنٹ پ ولیس کمشنر (ساؤتھ ویسٹ)  دیپندرا پاٹھک نے بتایا کہ جملہ 12 افراد پر نگرانی رکھی گئی ہے جو کہ سومناتھ بھارتی کے بارے میں جانتے ہیں لیکن وہ کس مقام پر روپوش ہیں، لاعلمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ تاہم پولیس کی خصوصی ٹیمیں قومی دارالحکومت اور پڑوسی علاقوں فرید آباد اور گرگاؤں میں مختلف مقامات پر دھاوے کر کے عاپ کارکنوں سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے ۔ واضح رہے کہ دہلی ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت مسترد کئے جانے کے بعد سومناتھ بھارتی کو گرفتاری کا سامنا ہے۔ دریں اثناء رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی کوایک سخت پیام دیتے ہوئے چیف مسٹر دہلی ارویند کجریوال نے آج کہا کہ ان کے خلاف گھریلو تشدد کا کیس درج کئے جانے پر پارٹی کو پشیمانی ہورہی ہے، لہذا اپنے آپ کو قانون کے حوالے کرتے ہوئے پولیس تحقیقات میں تعاون کریں۔ سابق کابینی رفیق کے جاریہ تنازعہ پر خاموشی توڑتے ہوئے عام آدمی پارٹی سربراہ نے استفسار کیا کہ سومناتھ بھارتی کیوں منہ چھپائے پھر رہے ہیں اور جیل سے جانے خوفزدہ کیوں ہیں، چونکہ ان کی حرکتوں سے پارٹی کو پشیماں ہونا پڑ رہا ہے ۔ لہذا وہ فی الفور خود سپردگی اختیار کرلیں۔