ویلفیر اسوسی ایشن فار کڈنی پیشنٹس کے زیر اہتمام دتاتریہ مرکزی وزیر کی تہنیتی تقریب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ویلفیر اسوسی ایشن فار کڈنی پیشنٹس کے زیر اہتمام 7 دسمبر کو رویندرا بھارتی آڈیٹوریم میں مرکزی وزیر لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ مسٹر بنڈارو دتاتریہ کی تہنیتی تقریب منعقد ہوگی ۔ اور اس موقع پر ملک میں گردے کی بیماری جیسے مہلک مرض میں مبتلا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور مریضوں کو ڈائیلاسیس جیسے مہنگے علاج کے لیے ہونے والی دشواریوں سے متعلق مسٹر بنڈارو دتاتریہ کو واقف کروایا جائے گا تاکہ وہ اس پیغام کو مرکزی حکومت تک پہنچا سکیں ۔ آج یہاں فاونڈر و رکن ویلفیر اسوسی ایشن فار کڈنی پیشنٹس شریمتی آئی ممتا ، ارکان و پیشنٹس مسرز بنڈاکوی سبا راو ، مسٹر شیشندر راجو نے منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں گردے کے مریضوں کی تعداد میں روز افزوں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور گردے کے مریضوں کی کثیر تعداد ڈائیلاسیس جیسے قیمتی علاج پر انحصار کررہی ہے جب کہ ڈائیلاسیس غریب اور متوسط طبقہ کے مریضوں کے دسترس سے باہر ہے اور مریضوں کو بروقت ڈائیلاسیس علاج کی عدم فراہمی کے نتیجہ میں گردے کے عارضہ میں مبتلا کئی مریض فوت ہورہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گردے کے مریض کو ڈائیلاسیس کے لیے ہر ماہ 25 تا 30 ہزار کا خرچ درکار ہوتا ہے جب کہ اس بوجھ کو غریب عوام برداشت کرنے سے قاصر ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بعض کارپوریٹ ہاسپٹل ڈائیلاسیس کے لیے ایک دن کا خرچ 3800 روپئے لے رہے ہیں جب کہ ٹرسٹ ہاسپٹل 750 تا 1200 روپئے میں کررہے ہیں اس طرح سے مریضوں کو ڈائیلاسیس کروانے میں کئی دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ گردے کے مریضوں کو ڈائیلاسیس کے ذریعہ نئی زندگی دینے کے لیے انہیں ڈائیلاسیس کے علاج کی مفت فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کرتے ہوئے عام سرکاری ہاسپٹل بشمول اضلاع کے ہاسپٹلس کو سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس میں تبدیل کرتے ہوئے ڈائیلاسیس سنٹرس قائم کرتے ہوئے مفت علاج کی سہولت بخشے تاکہ غریب گردے کے مریضوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ڈائیلاسیس کو آروگیہ شری اور ای ایس آئی اسکیمات سے مربوط کرتے ہوئے اس پر موثر عمل آوری کے لیے احکامات بھی جاری کرے ۔ انہوں نے بتایا کہ تہنیتی پروگرام کے موقع پر شریک مریضوں میں ایک دن کے علاج کی ادویات مفت دی جائیں گی ۔۔