بروقت قدم اٹھانے سدھو کی درخواست وزیر خارجہ کو مکتوب
چندی گڑھ ۔ /9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سوراج کے نام اپنے ایک مکتوب میں پنجاب کے کابینی وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور صاحب گردوارہ کے ضمن میں ممکنہ اقدامات کرنے کی درخواستیں کی ہے اور کہا کہ پاکستان نے اس تاریخی عبادت گاہ تک رسائی کی فراہمی کیلئے ’مثبت ارادہ ‘ کا مظاہرہ کیا ہے ۔ مقامی حکومت اور وزیر سیاحت و تہذیبی امور نے /7 ستمبر کو دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے سکھ یاتریوں کو قریبی سرحد پار علاقہ میں واضح تاریخی کرتارپور صاحب گردوارہ تک راست رسائی کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کے بعد سدھو نے ہفتہ کو وزیر خارجہ کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اب ایک موقع نے ہمارے دروازہ پر دستک دی ہے ۔ کرتار پور راہداری کے دیرینہ مطالبہ پر پاکستان نے مثبت ارادہ کا اشارہ دیا ہے ‘‘ ۔ سدھو نے کہا کہ اس مسئلہ پر کچھ اثباتی ردعمل اس وقت دیکھنے میں آیا جب انہوں نے کرکٹ سے سیاستداں بننے والے عمران خاں کی وزیراعظم کی حیثیت سے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان کا دورہ کیا تھا ۔ سدھو نے کہا کہ اب اس ملک (پاکستان) کے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ یہ راہداری کھول دی جائے گی اور گرونانک دیوجی کے 550 ویں یوم پیدائش تقاریب کے ضمن میں حتی کہ اب ویزا کی ضرورت بھی نہیں رہے گی ۔ چنانچہ یہ ہندوستان پر منحصر ہے کہ اس انتہائی جذباتی مسئلہ پر مثبت قدم اٹھائے ۔ سدھو نے کہا کہ ’’جب ایک موقع اپنا دروازہ کھٹکھٹا رہا ہے ۔ برائے مہربانی (آپ) ایک قدم اٹھائیے اور دروازہ کھول دیجئے ۔‘‘ ۔ سدھو نے کہا کہ ’’ اس مسئلہ سے سکھوں کے شدید جذبات وابستہ ہیں آپ (وزیر خارجہ) سے مثبت ردعمل کی توقع رکھتا ہوں ‘‘ ۔