حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : گوشہ محل حلقہ اسمبلی کا جنرل باڈی اجلاس مسٹر ٹی سرینواس یادو پولیٹ بیورو ممبر و تلگو دیشم پارٹی گریٹر حیدرآباد کی صدارت میں 4 مارچ کو مہیشوری بھون بیگم بازار میں منعقد ہوا ۔ جس میں مسٹر ٹی سرینواس یادو نے مخاطب کرتے ہوئے تلگو دیشم قائدین و کارکنوں کو عام انتخابات منعقد شدنی اپریل 2014 کے لیے پوری طرح تیار رہنے اور پارٹی کو بنیادی سطح پر مستحکم بنانے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے گراں بار مہنگائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے دور میں عام آدمی کا جینا دوبھر ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوشہ محل حلقہ اسمبلی میں تلگو دیشم پارٹی کے امیدوار کی کامیابی یقینی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ رکن اسمبلی و ریاستی وزیر مارکیٹنگ مکیش گوڑ سے اصل مقابلہ رہے گا ۔ وزیر سے مقابلہ کے دوران ڈرنے اور گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ اصل تنقید کا نشانہ وزیر ہی کہیں گے کیوں کہ ان کے دور میں غیر مجاز سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے علاوہ عوام کو بنیادی ضرورتوں سے جو محروم رکھا گیا اس کو بھی تنقید کا نشانہ بنانا چاہئے ۔ گریٹر حیدرآباد صدر تلگو دیشم نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی کہ کسی بھی صورت میں اس حلقہ سے تلگو دیشم کے امیدوار کو کامیاب بنانے کی مساعی کریں ۔ دوران خطاب مسٹر سرینواس یادو نے یاد دلایا کہ ماضی میں تلگو دیشم کے 9 سالہ اقتدار کے دوران کئی ترقیاتی پراجکٹس کو نہ صرف منظور کیا بلکہ اس کو پائے تکمیل کو بھی پہنچایا ۔ جس میں قابل ذکر ہائی ٹیک سٹی اور دیگر کئی اہم پراجکٹ شامل ہیں ۔ صدر گریٹر حیدرآباد نے رائے دہندوں کو تلگو دیشم پارٹی کے دور اقتدار کے دوران انجام دئیے گئے کاموں کو اجاگر کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس جنرل باڈی اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں قابل ذکر تلگو دیشم گریٹر حیدرآباد جنرل سکریٹری مسٹر ایم این سرینواس ، ایم آنند کمار گوڑ تلگو دیشم ترجمان گریٹر حیدرآباد ، کرشنا گوڑ ، شہباز احمد خاں ، پریم جیون جیسوال ، پریم کمار دوتھ ، بجرنگ شرما ، دنیش یادو ، اوم پرکاش ، گڈم سرینواس گوڑ ، سلیم سرسوتی ، گمان سنگھ اور دیگر کارکنوں کی کثیر تعداد بشمول خواتین نے شرکت کی ۔۔