گرام پنچایت انتخابات 10 جنوری تک کروانے ہائیکورٹ کی ہدایت

حیدرآباد 10 ڈسمبر ( این ایس ایس ) ہائیکورٹ نے آج تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات کے انعقاد کو گرین سگنل دیدیا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ریاستی حکومت پنچایت انتخابات جب سہولت ہو کرواسکتی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے عدالت سے کہا کہ وہ گرام پنچایت انتخابات کروانے تیار ہے اگر حکومت تعاون کرے ۔ بعد ازاں ہائیکورٹ نے سماعت کو تین ہفتوں تک ملتوی کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ ہائیکورٹ نے پہلے ہی ریاستی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ پنچایت انتخابات 10 جنوری 2019 تک منعقد کروائے ۔ ریاست میں تمام پنچایتوں کی معیاد جاریہ سال یکم اگسٹ کو مکمل ہوگئی تھی اس طرح اب تمام گرام پنچایتوں کا کنٹرول اسپیشل آفیسروں کے ہاتھ آگیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے جاریہ سال ہی اگسٹ و ستمبر میں انتخابات کروانے کی تیاریاں شروع کی گئیں تو اپوزیشن جماعتوں نے اس کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ فہرست رائے دہندگان میں خامیاں ہیں اور انہیں پہلے درست کیا جانا چاہئے ۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ تین مہینے میں انتخابات کروالے ۔ اس کیلئے 10 جنوری 2019 تک کا وقت دیا گیا تھا ۔ عدالت کا کہنا تھا کہ انتخابات منعقد کرواتے ہوئے اختیارات مجالس مقامی کے سپرد کردئے جانے چاہئیں۔ عدالت کی رولنگ کے بعداب ریاستی انتظامیہ گرام پنچایت انتخابات کی تیاریوںمیں مصروف ہوگیا ہے جو اب تک اسمبلی انتخابات میں مصروف تھا ۔