بی سی تحفظات میں ذیلی طبقات کی شمولیت کانگریس کی فتح ، تلنگانہ پی سی سی کا بیان
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے گرام پنچایت کے انتخابات میں بی سی تحفظات میں ذیلی طبقات کی شمولیت کو کانگریس کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ 500 مسلمان سرپنچ بن جائیں گے ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان اعلیٰ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈی شرون نے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر کانگریس کے قائد عرفان عزیز بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر شرون نے کہا کہ حکومت نے گرام پنچایت کے انتخابات میں بی سی طبقات کے لیے 34 فیصد تحفظات کا اعلان کیا ہے ۔ سرکاری طور پر ہنوز احکامات جاری نہیں ہوئے تاہم تمام میڈیا میں یہ خبر شائع ہوئی ہے جس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں ۔ کانگریس کی جدوجہد کے باعث ہی یہ ممکن ہوپایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی سی تحفظات میں ذیلی طبقات کو تحفظات فراہم کرنے سے مسلمانوں کو 5 فیصد تحفظات حاصل ہوں گے جس سے 500 مسلمانوں کو سرپنچ بننے کا موقع فراہم ہوگا جو مسلمانوں کو سیاسی طور پر طاقتور بنانے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا ۔ کانگریس پارٹی نے مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں 4 فیصد تحفظات فراہم کیا تھا ۔ کانگریس کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ 500 مسلمانوں کو سرپنچ بننے کا موقع فراہم ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایت کے انتخابات میں بی سی ۔ اے کو 8 فیصد بی سی ۔ بی کو 11 فیصد بی سی ۔ سی کو ایک فیصد بی سی ۔ ڈی کو 9 فیصد بی سی ۔ ای کو 5 فیصد تحفظات حاصل ہورہے ہیں ۔ ڈاکٹر شرون نے کہا کہ بی سی تحفظات کی زمرہ بندی کے لیے چیف منسٹر کو مکتوبات روانہ کئے گئے ۔ کئی عوامی اسٹیجس پر جدوجہد کی گئی ۔ سائنٹیفک طریقہ سے زمرہ بندی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ بڑھتے ہوئے دباؤ کے تناظر میں حکومت نے بی سی طبقات کے لیے 34 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔