دو ماہ تک کوئی نیا سرکاری پروگرام شروع نہ ہو: اسٹیٹ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی
حیدرآباد۔/30مئی، ( سیاست نیوز) اسٹیٹ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی نے جولائی کے اواخر تک گرام پنچایتوں کے انتخابی عمل کو مکمل کرنے کی عہدیدارو ں کو ہدایت دی۔ ناگی ریڈی نے آج کلکٹرس ، ایس پیز اور محکمہ پنچایت کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا جس میں چیف سکریٹری ایس کے جوشی، ڈی جی پی مہیندر ریڈی کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی۔ الیکشن کمشنر نے گرام پنچایتوں کے انتخابات کو بہت بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے انتخابات کرائے جائیں گے۔ جاریہ سال جولائی کے اواخر تک کسی بھی حالت میں گرام پنچایت کے انتخابی عمل کو مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ آئندہ 2 ماہ تک کوئی نیا پروگرام شروع نہ کرنے کی حکومت کو ہدایت دی۔ انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے محکمہ پولیس کو تیاری کرنے اور ضرورت پڑنے پر دوسری ریاستوں سے پولیس فورس کی خدمات حاصل کرنے بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹ تیار ہوگئی ہے اور گرام پنچایت کے انتخابات میں دیڑھ کروڑ رائے دہندے حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ ریٹرننگ آفیسرس کا تقرر کریں اور بیالٹ پیپرس متعلقہ اضلاع میں ہی پرنٹ کروائیں اور ضرورت کے مطابق بیالٹ باکس دستیاب رکھیں۔ تمام کام 10جون تک مکمل کرلئے جائیں۔ انہوں نے یکم جون تک بی سی ووٹرس کی نشاندہی کرلینے کی ہدایت دی۔