گذشتہ چار سال سے گاندھی امن انعام ندارد

نامزدگیاں مل رہی ہیں لیکن حکومت نے منظوری نہیں دی
نئی دہلی ۔ 2 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایسے وقت میں جبکہ ملک میں گاندھی جی کی 149 ویں یوم پیدائش تقاریب منائی جا رہی ہیں سالانہ انٹرنیشنل گاندھی امن انعام گذشتہ چار سال سے نہیں دیا گیا ہے ۔ یہ انعام گاندھی جی کے نام سے معنون ہے ۔ وزارت کلچر کے ایک عہدیدار نے کہا کہ گذشتہ چار سال کے دوران اس ایوارڈ کیلئے نامزدگیاں موصول ہوئی تھیں لیکن انہیں منظوری نہیں دی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ نامزدگیاں موجود ہیں لیکن یہ کہنا مشکل ہے کہ ان کی منظوریوں میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے ۔ گاندھی جی کی تعلیمات کو خراج پیش کرنے کیلئے حکومت ہند کی جانب سے انٹرنیشنل گاندھی امن انعام کا 1995 میں آغاز کیا تھا جب ان کی 125 ویں یوم پیدائش تقریب تھی ۔ گذشتہ مرتبہ یہ ایوار؛ 2014 میں ہندوستانی خلائی تحقیق کے ادارہ اسرو کو دیا گیا تھا ۔ یہ سالانہ ایوارڈ ان افراد یا اداروں کو دیا جاتا ہے جو عدم تشدد کے ذریعہ سماجی ‘ معاشی اورسیاسی تبدیلی کیلئے بے تکان جدوجہد کرتے ہیں۔ یہ ایوارڈ ایک کروڑ روپئے نقد اور ایک توصیف نامہ پر مشتمل ہوتا ہے ۔ انعامی رقم کسی بھی کرنسی میں تبدیل کی جاسکتی ہے ۔ یہ ایوارڈ تمام افراد کیلئے ہے چاہے وہ کسی بھی قوم ‘ نسل یا جنس سے تعلق رکھتے ہوں۔ اس ایوارڈ کا انتخاب کرنے والی کمیٹی میں وزیر اعظم ‘ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن ‘ چیف جسٹس آف انڈیا اور دو اہم شخصیتیں شامل رہتی ہیں۔ وزارت کلچر کو ہر سال 30 اپریل تک ملنے والی درخواستوں پر یہ کمیٹی کوئی فیصلہ کرتی ہے ۔