گجویل کی تمام مساجد سے مقررہ وقت میں سائرن بجاکر شجرکاری مہم

حیدرآباد۔/25جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے یکم اگسٹ کو شہر گجویل کی تمام مسجد سے مقررہ وقت پر سائرن بجاتے ہوئے ایک دن میں ایک لاکھ 116 پودے لگانے کے پروگرام کا آغاز کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ، اور انہوں نے بھی اس پروگرام میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا۔ آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے سی آر نے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ہریتا ہارم کے علاوہ دوسرے اُمور کا جائزہ لیا اور ایک ہی دن گجویل شہر میں ایک لاکھ 116 پودے لگانے کی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سرکاری ملازمین، پولیس، طلبہ ، خواتین، نوجوانوں، تاجرین اور عوام کو اس پروگرام کا حصہ بنانے اور بھاری تعداد میں پودے جمع کرلینے کا بھی مشورہ دیا۔ شجرکاری سے قبل مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے گڑھے کھودنے بڑے سائیز کے پودے تیار رکھنے سرکار ی و خانگی کھلی اراضیات کے علاوہ گھروں کے احاطے میں پودے لگانے کیلئے عوام میں شعور بیدار کرنے کے احکامات جاری کئے۔ گھر میں جتنے افراد ہیں اس کے حساب سے ہر گھر میں پھلو ں اور پھولوں کے پودے ایک دن قبل گھروں تک پہنچادینے کی ہدایت دی۔ یکم اگسٹ کو مقررہ وقت پر شہر گجویل سے تمام مساجد سے سائرن بجاتے ہوئے ایک ساتھ پودے لگانے کے پروگرام کا آغاز کرنے پر زور دیا۔ مائیک ، وال پینٹنگ، ہورڈنگس کے ذریعہ عوام میں شعور بیدار کرنے ، طلبہ کیلئے خصوصی مقابلوں کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی۔