گجر برادری کے احتجاج سے ریلوے کو یومیہ 15کروڑ کا نقصان

ممبئی۔/26مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان میں گجر برادری کے جاریہ احتجاج سے دہلی۔ ممبئی روٹ پر ٹرین کی مسلسل منسوخی کے باعث ویسٹرن ریلوے کو یومیہ 15کروڑ کا نقصان اٹھانا پڑر ہا ہے۔ کمرشیل ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ روزانہ 15-20 ٹرینوں بشمول مال گاڑیوں کی منسوخی سے 12-15کروڑ کی آمدنی سے محروم ہونا پڑ رہا ہے ۔گجر برادری 5فیصد تحفظات کی فراہمی کے مطالبہ پر ضلع بھرت پور میں ریلوے پٹریوں پر بیٹھے رہواحتجاج کررہی ہے۔ ریلوے عہدیدار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ دہلی۔ ممبئی روٹ پر مسلسل احتجاجی مظاہروں سے مسافر ٹرینوں کے ساتھ مال گاڑیوں کو بھی منسوخ کردینے سے ریلوے کی زبردست نقصانات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے جو کہ تشویشناک بات ہے۔ تاہم ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او شرت چندرائن نے بتایا کہ ریلوے ٹریک کے بلارکاوٹ بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے متبادل انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل مسافتی ٹرینوں بشمول راجدھانی اکسپریس اور پچھم اکسپریس دوسرے راستہ سے چلانے کے امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ دریں اثناء ریلوے مسافرین کے نمائندوں نے گجر برادری کے احتجاج کو ختم کروانے میں سیاسی قیادت کی ناکامی پر تنقید کی ہے اور کہا کہ کوئی بھی حکومت گجر برادری کو ناراض کرنا نہیں چاہتی۔ اور اب صرف عدالت میں اس مسئلہ کا حل تلاش کرسکتی ہے۔ مسٹر راجیو سنگل ڈیویژنل ریلوے یوزرس کنسٹلٹیو کمیٹی نے یہ بات کہی۔