گجرات کے 46 کانگریسی ارکان اسمبلی ، بنگلورو منتقل

احمد آباد ۔ /28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں اپنے ارکان اسمبلی کو شکار ہونے سے بچانے کیلئے /8 اگست کو مقرر ریاستی راجیہ سبھا انتخابات سے قبل کانگریس کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے ارکان اسمبلی کو بنگلورو منتقل کیا جائے ۔ پارٹی ذرائع کے بموجب ارکان اسمبلی کو بذریعہ طیارہ کرناٹک کے دارالحکومت منتقل کیا جائے گا جہاں کانگریس کی حکومت ہے ۔ پارٹی کے ایک سینئر قائد نے کہا کہ گجرات میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ہم کوشش کررہے ہیں کہ ہمارے ارکان اسمبلی کو ترغیب نہ دی جاسکے ۔ 46 ارکان اسمبلی کو آج ہی رات بذریعہ طیارہ بنگلورو منتقل کیا جارہا ہے ۔ ایک اور ریاستی قائد نے اس اطلاع کی توثیق کی ۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ایک فوجداری مقدمہ بی جے پی کی جانب سے زر اور زور استعمال کرتے ہوئے ارکان اسمبلی کا شکار کرنے پر بی جے پی کے خلاف درج کیا جائے ۔ راجیہ سبھا اسمبلی انتخابات سے قبل 6 ارکان اسمبلی کے پارٹی سے ترک تعلق سے بڑا دھکا پہونچا ہے ۔