راجیہ سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی کا ’شکار‘ بننے سے روکنے کی کوشش، الیکشن کمیشن سے شکایت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس نے گجرات میں راجیہ سبھا انتخابات سے عین قبل ارکان اسمبلی کو بی جے پی کا شکار بننے سے روکنے بنگلورو کے مضافات میں واقع ریزارٹ منتقل کردیا ۔ پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ اب تک 40 ارکان اسمبلی کو بنگلورو منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مزید چار ارکان بہت جلد یہاں پہنچ جائیں گے ۔ کانگریس کو ریاست گجرات میں اس وقت پریشان کن حالات کا سامنا ہے اور گزشتہ چند دن میں چھ پارٹی ارکان اسمبلی نے استعفیٰ دے دیا ۔ راجیہ سبھا انتخابات سے عین قبل یہ سیاسی اتھل پتھل ہورہی ہے جب کہ پارٹی نے سونیا گاندھی کے با اعتماد احمد پٹیل کو امیدوار نامزد کیا ہے ۔ پارٹی میں بڑے پیمانہ پر انحراف نے احمد پٹیل کی کامیابی کے بارے میں شبہات پیدا کردئیے ہیں اور پارٹی نے ان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے مقصد سے یہ حکمت عملی اپنائی ہے ۔ کانگریس پارٹی میں انحراف کو روکنے کے لیے ان تمام کو بنگلورو کے ریزارٹ منتقل کیا گیا ہے ۔ گجرات کانگریس لیجسلیچر پارٹی چیف وہپ شائلش پارمر نے کہا کہ مزید چار ارکان اسمبلی بنگلورو پہنچنے والے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ ارکان اسمبلی کو جس ریزارٹ میں رکھا گیا ہے اس کا نام ’ ایگلسٹن ‘ ہے ۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے الیکشن کمیشن سے بی جے پی کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ارکان اسمبلی کا دولت اور طاقت کے ذریعہ شکار کیا جارہا ہے ۔ بی جے پی قائدین اور شنکر سنہہ واگھیلا نے پارٹی ارکان اسمبلی کو بنگلور منتقل کرنے کی مذمت کی ۔ راجیہ سبھا انتخابات 8 اگست کو منعقد ہوں گے ۔
اس دوران کانگریس کے سینئیر قائدین نے الیکشن کمیشن سے گجرات کی سیاسی صورتحال پر نمائندگی کی ۔ چنانچہ الیکشن کمیشن نے چیف سکریٹری گجرات کو ان الزامات کی تحقیقات کرتے ہوئے پیر کو 5 بجے شام تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے حکومت کو اس بات کی ہدایت دی کہ تمام ارکان اسمبلی اور ان کے ارکان خاندان کی سیکوریٹی کو یقینی بنائے۔ اپوزیشن لیڈر کاعہدہ چھوڑنے کے باوجود رکن اسمبلی کی حیثیت سے برقرار باغی سینئر لیڈر شنکرسنہہ واگھیلا کے کیمپ کے سات اراکین اسمبلی کے علاوہ بھی چار دیگر کانگریس ارکان اسمبلی اب تک گجرات میں ہی ہیں۔ غیر واگھیلا کیمپ کے رکن اسمبلی اور پارٹی کے سینئر لیڈر شکتی سنگھ گوہل جو کم از کم دیگر تین ایسے ارکان اسمبلی کے ساتھ گجرات میں ہیں، انھوں نے آج یونیوارتا کو بتایا کہ تقریباً 40 ایم ایل اے بنگلور جا چکے ہیں۔ وہ اور پارٹی کے نئے چیف وہپ شیلیش پرمار راجیہ سبھا انتخابات کی نامزدگی کی جانچ کے سلسلے میں یہاں قیام کر رہے ہیں۔ دو دیگر ارکان اسمبلی چندریکا بین باریا اور جیتو چودھری ذاتی وجوہات کی بنا پر کل بنگلور نہیں جاسکے تھے۔ وہ بھی جلد ہی وہاں کے لئے روانہ ہوں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے پاس احمد پٹیل کی کامیابی کے لئے درکار عددی طاقت موجود ہے