احمد آباد ۔ 9 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے ضلع سریندر نگر کے چوٹیلا تعلقہ کے موضع ناواگم میں آج دو گروپوں کے درمیان پرتشدد جھڑپ میں کم از کم 8 افراد کو شدید زخم آئے اور لگ بھگ 4 مکانات کو آگ لگادی گئی۔ مقامی پولیس نے بتایا کہ آج دوپہر کولی اور بھارواڑ برادریوں کے گروپوں کے درمیان کسی معمولی مسئلہ پر لڑائی ہوگئی۔ سرکل پولیس انسپکٹر ایچ ایم والانے فوری مقام واقعہ پہنچ کر صورتحال پر کنٹرول کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان برادریوں کی خواتین میں پہلے لفظی جھڑپ ہوئی ۔ بعد میں دونوں طرف کے مرد ایک دوسرے سے لڑ پڑے اور سنگباری کی۔ پولیس نے کہا کہ احتیاطی طور پر بھاری جمیعت تعینات کردی گئی ہے۔