ودودرا ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے شہر ودودرا کو دریائے وشوامتری میں موسلادھار مسلسل بارشوں کی وجہ سے طغیانی آ گئی ہے اور شہر کو سیلاب جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔ مجلس بلدیہ نے فوج کی مدد طلب کرلی ہے تاکہ زیرآب رہائشی علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو غذائی پیاکٹس سربراہ کئے جاسکیں۔ ودودرا کے کمشنر بلدیہ منیش بھردواج نے کہا کہ ہم نے فوج سے مدد طلب کی ہے تاکہ غذائی پیاکٹس اور پینے کے پانی کی بوتلیں ہیلی کاپٹروں سے متاثرہ علاقوں میں گرائی جاسکیں کیونکہ راحت رسانی اشیاء کی سربراہی مشکل ہے کیونکہ شہر کے کئی علاقے زیرآب آچکے ہیں۔ ودودرا مجلس بلدیہ مجلس قائمہ کے صدرنشین جتندر پٹیل نے کہا کہ 2 لاکھ سے زیادہ افراد رہائشی علاقہ دریا کے پانی میں ڈوب جانے کی وجہ سے متاثر ہیں۔ شہر کا تقریباً تمام مغربی علاقہ زیرآب ہے۔
بدترین متاثرہ علاقے پانی گیٹ، کرلی باغ، مانڈوی، سایا جی گنج اور منجھ مھودا ہیں جہاں پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے۔ انتظامیہ نے کل ان علاقوں سے 1500 افراد کا تخلیہ کروا دیا تھا۔ آج مزید 200 افراد کو زیادہ محفوظ علاقوں میں منتقل کردیا گیا۔ پانی شہر کے سر سایا جی راؤ گیکواڑ ہاسپٹل کے احاطہ میں بھی داخل ہوگیا جو دریا کے قریب ہی واقع ہے۔ چڑیا گھر بھی زیرآب آ گیا جس کی وجہ سے عہدیدار بعض جانوروں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کرنے پر مجبور ہوگئے۔ دریائے وشامتری کے تمام تینوں پل بند کردیئے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے اسکولس اور کالجس بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ دریائے وشوامتری میں پانی کی سطح فی الحال 33.5 فیٹ ہے۔ یہ خطرہ کے نشان سے 26 فیٹ بلند ہے۔ دریا کے آبگیر علاقے اور اجوا ڈیم میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے پانی کی آمد زیادہ ہوگئی جس کی وجہ سے پانی دریا میں خارج کیا گیا۔ ودودرا مجلس بلدیہ نے اجوا ڈیم سے جو شہر کے مضافات میں واقع ہے، آج صبح 5.30 بجے سے پانی کا اخراج بند کردیا۔ دریائے وشوامتری جو شہر کے وسط سے گذرتی ہے، اس کی سطح آب 7.6 فیٹ بلند رہ جانے کے بعد ڈیم سے پانی کا اخراج روک دیا گیا۔
محصور خاتون نے بچہ کو جنم دیا
نئی دہلی ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سیلاب سے متاثرہ سرینگر کے شیرشفیع علاقہ سے فوج نے پھنسی ہوئی ایک حاملہ خاتون کا تخلیہ کرادیا جس نے فوجی ہاسپٹل میں ایک لڑکے کو جنم دیا۔ فوجی عہدیدار نے بتایا کہ پہلے اس خاتون کو گھر سے جو پانی میںڈوبا ہوا تھا نکالا گیا اور پھر کشتی اس کے بعد ذریعہ طیارہ منتقل کیا گیا۔