وڈودرا ۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں دو پولیس ملازمین کو یونیفارم میں ایک خاتون کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ بار ڈانسر کے ساتھ ان کے رقص کو کیمرہ میں قید کرنے کے بعد اس ویڈیو کو منظرعام پر لایا گیا۔ شادی کی ایک تقریب میں ڈانس کے دوران پولیس عہدیداروں نے رقاصہ پر نوٹوں کی بارش بھی کی۔ اس واقعہ کے فوری بعد پولیس عہدیداروں نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہیکہ ڈیوٹی پر موجود دو پولیس ملازمین تقریب میں شریک ہوتے ہوئے ڈانسر کے ساتھ رقص کررہے ہیں۔ یہ تصویر 10 دن قبل لی گئی تھی لیکن اسے کل ٹی وی چینلوں پر پیش کیا گیا۔ سٹی پولیس کمشنر ای رادھا کرشنن نے دو پولیس ملازمین کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ یہ دونوں ملازمین ودودھرا کے کشن واڑی پولیس اسٹیشن میں تعینات ہیں۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہیکہ دو پولیس ملازمین شادی کی تقریب میں خاتون کے ساتھ رقص کرتے ہوئے نوٹوں کی بارش کررہے ہیں۔ کرائم برانچ کے جوائنٹ کمشنر پولیس ڈی جے پٹیل نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ تاہم انہوں نے پولیس ملازمین کے نام نہیں بتائے۔ 2.12 منٹ کی اس ویڈیو میں دو پولیس ملازمین کو پہلے خاتون کا ہاتھ تھامے بتایا گیا اور پرانے ہندی فلم کے گانے پر انہیں تھرکتے ہوئے دکھایا گیا۔