نئی دہلی ۔ 8 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر وجئے روپانی پر گجرات میں تارکین وطن افراد پر حملوں اور تشدد کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اگر وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر رہیں تو اُنھیں اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ اپوزیشن پارٹی نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ کس منہ سے وارانسی جائیں گے اور ریاست کے عوام کا سامنا کریں گے جنھوں نے اُن کو وزیراعظم بنایا ہے جبکہ گجرات میں یوپی کے تارکین وطن مزدوروں پر حملے ہورہے ہیں حالانکہ وہ طویل عرصہ تک گجرات کے چیف منسٹر رہ چکے ہیں۔ صدر کانگریس راہول گاندھی نے تارکین وطن کارکنوں پر گجرات میں حملوں کو مکمل طورپر غلط قرار دیا اور اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ گجرات میں تشدد کی بنیادی وجہ فیکٹریوں کا بند ہوجانا اور ریاست میں بیروزگاری پھیل جانا ہے ۔