اسمبلی انتخابات کے نتائج لوک سبھا چناؤ پر اثر انداز ہونے کا خطرہ
احمد آباد ۔ 29 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) مجالس مقامی کے انتخابات میں شکست اور پٹیل برادری کی تحریک تحفظات سے گجرات بی جے پی کارکنوں کے پست حوصلوں پر پارٹی صدر امیت شاہ فکر مند نظر آرہے ہیں۔ ان کا یہ احساس ہیکہ پارٹی کارکنوں کی مایوسی اور حوصلہ شکنی سے 2017 ء کے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنا مشکل ہوجائے گا کیونکہ بی جے پی ایک کیڈر والی پارٹی ہے ۔ انتخابات میں کامیابی کا انحصار کارکنوں کے جوش و جذبہ پر ہوتا ہے ۔ تاہم امیت شاہ نے یہ اعتراف کیا کہ گجرات کے پارٹی کارکنوں میں مایوسی پائی جاتی ہے جس کے سنگین اثرات اسمبلی انتخابات پر مرتب ہوسکتے ہیں ۔انہوں نے ہفتہ کے دن پارٹی کارکنوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے اور دہلی میں ا یک اور اجلاس طلب کرنے اتفاق کرلیا ، جہاں پر وہ گجرات بی جے پی کارکنوں کے حوصلوں اور عزائم کو مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی گجرات میں اپنی شکست کی متحمل نہیں ہوسکتی کیونکہ یہ ریاست سنگھ پریوار کے نظریات کی تجربہ گاہ ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ سال 2017 ء کے انتخابات کا مقابلہ کرنے کیلئے مایوسی کی کیفیت کے باہر آجائیں اور متحدہ طور پر مقابلہ کیلئے کمربستہ ہوجائے۔ مسٹر امیت شاہ نے کہا کہ 2012 ء کے اسمبلی انتخابات سال 2014 ء کے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کے زینہ تھی اور سال 2017 ء کے گجرات انتخابات 2019 ء کے قومی انتخابات میں کامیابی کیلئے راہ ہموار کریں گے ۔ واضح رہے کہ پٹیل برادری کا گجرات میں سماجی اور سیاسی اثر و رسوخ پایا جاتا ہے۔ تحفظات کی فراہمی کے مطالبہ پر گزشتہ 6 ماہ سے ریاستی حکومت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کے پرتشدد احتجاج کے دوران 10 افراد ہلاک اور کروڑہا روپئے مالیتی سرکاری اور خانگی املاک کو نقصان پہنچا تھا۔ تاہم تحریک تحفظات کے علمبردار ہردیک پٹیل اور ان کی ٹیم کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے بغاوت کے الزامات میں جیل بھیج دیا جس پر پٹیل برادری کی اکثریت میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہ حکومت کے خلاف برہم نظر آتے ہیں۔ سیاسی پنڈتوں کے مطابق پٹیل برادری کی ناراضگی سے بی جے پی کو حالیہ مجالس مقامی کے انتخابات میں شکست سے دوچار ہوگئی جبکہ ضلع اور تعلقہ پنچایت کے انتخابات میں اپوزیشن کانگریس کو غیر معمولی کامیابی حاصل ہوئی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ ریاست کے سیاسی منظر سے نریندر مودی جیسے مقبول عام لیڈر کے ہٹ جانے کے بعد ان کا کوئی متبادل نہیں رہا جنہوں نے انتخابات میں کانگریس کو متواتر شکست دی تھی ۔ یہ عنصر بھی گجرات کے پارٹی کارکنوں میں مایوسی کی وجہ بن گیا ہے۔ صدر بی جے پی امیت شاہ نے پارٹی کارکنوں میں مایوسی اور بددلی کی وجوہات کی نشاندہی کرلی ہے اور اسے دور کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں کیونکہ سال 2001 ء کے بعد پہلی مرتبہ گجرات میں پارٹی سخت آزمائش سے گزر رہی ہے۔