آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی، وزیراعظم نریندر مودی اور زعفرانی جماعت خوف زدہ: راہول گاندھی
احمدآباد 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا ہے کہ حکمراں بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی مجوزہ گجرات اسمبلی انتخابات کے نتائج کے معاملے میں خوف زدہ ہیں کیوں کہ اُن کا ریاست کی ترقی کا ماڈل ناکام ہوچکا ہے۔ راہول گاندھی نے یہاں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اِس یقین کا اظہار کیاکہ کانگریس جو تقریباً دو دہوں سے اپوزیشن میں ہے، انتخابات کے بعد برسر اقتدار آئے گی۔ گجرات میں جاریہ سال کے اواخر میں یہاں اسمبلی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ 47 سالہ امیتھی کے رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ اِس بار اُنھیں پورا یقین ہے کہ کانگریس کو گجرات میں حکومت تشکیل دینے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ گجرات کی ترقی کا ماڈل پوری طرح بے نقاب ہوچکا ہے۔ بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی گجرات اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بارے میں خوف زدہ ہیں کیوں کہ آپ سچائی کو زیادہ دن تک نہیں چھپا سکتے۔ بی جے پی کی ترقی سے متعلق گجرات ماڈل کے کھوکھلے دعوے اب بے نقاب ہوچکے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ اِس ماڈل سے کسی کو بھی خواہ وہ نوجوان ہوں، کسان، چھوٹے تاجرین یا دوکاندار ہوں کوئی فائدہ نہیں پہونچا۔ صرف 5 تا 10 فیصد افراد کو اِس رول ماڈل سے فائدہ ہوا ہے لیکن اُنھوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔ وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ اُن کی حکومت میڈیا پر غیر ضروری دباؤ ڈال رہی ہے۔ ہمیں پتہ ہے کہ مودی جی میڈیا پر دباؤ ڈال رہے ہیں یہاں تک کہ ذرائع ابلاغ کے بعض نمائندوں نے بتایا کہ اُنھیں خوف زدہ کیا جارہا ہے۔ راہول گاندھی نے پارٹی کارکنوں سے خواہش کی کہ وہ بوتھ لیول پر بی جے پی کے خلاف جدوجہد کریں اور زعفرانی جماعت کے جھوٹ کو بے نقاب کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابات کے لئے آپ کے پاس کئی موضوعات ہیں جیسے کسانوں کو درپیش مشکلات، نوٹ بندی، جی ایس ٹی اور بے روزگاری وغیرہ۔ پارٹی کارکنوں کو چاہئے کہ وہ بوتھ لیول پر اِن مسائل کو اُجاگر کریں اور بی جے پی کے جھوٹ کو بے نقاب کریں۔ کانگریس پارٹی نے سابرمتی ندی کے کنارے اِس پروگرام کا اہتمام کیا تھا جس کا مقصد پارٹی کارکنوں سے ربط بڑھانا تھا۔ اِس پروگرام کو ’’سمواد‘‘ (مذاکرات) کا نام دیا گیا۔ راہول گاندھی نے پارٹی کارکنوں سے تبادلہ خیال کیا اور اُنھیں پہلے جو سوالات دیئے گئے تھے اُن کے جواب بھی دیئے۔ گجرات کانگریس صدر بھرت سنہہ سولنکی نے سوالات پڑھ کر سنائے اور پارٹی نائب صدر راہول گاندھی نے اِن کے جوابات دیئے۔