گجرات ڈی جی پی کو تارکین وطن کیخلاف تشدد پر نوٹس

احمدآباد۔10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات اسٹیٹ ہیومنٹ رائٹس کمیشن نے آج ریاستی چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو نوٹسیں جاری کرتے ہوئے ہندی بولنے والے تارک وطن ورکرس پر حملوں اور ان کے خروج کے بارے میں رپورٹس طلب کیے ہیں۔ کمیشن کی چیرپرسن جسٹس (ریٹائرڈ) ابھیلاشا کماری نے گاندھی نگر میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ یہ رپورٹس اندرون 20 یوم پیش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوٹسیں چیف سکریٹری جے این سنگھ اور ڈی جی پی شیوانند جھا کو جاری کرتے ہوئے ان سے رپورٹس مانگی گئی ہیں کہ ریاست میں حملوں کے شکار تارک وطن مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔ ان سے وضاحت کرنے کے لیے کہا گیا ہے کہ ریاست میں امن کو برقرار رکھنے کے لیے اور حملوں کے امکانی شکار لوگوں کی حفاظت کے لیے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں۔
کئی مظلومین خاطیوں کو شرمندہ کرنے سے زیادہ کچھ نہیں کرتے
نئی دہلی۔10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی کمیشن برائے خواتین نے آج کہا کہ جنسی استحصال کے اکثر شکار خواتین مبینہ خاطیوں کا نام لینے اور انہیں شرمندہ کرنے سے زیادہ کچھ کرنا نہیں چاہتیں اور باقاعدہ شکایت درج نہیں کراتی ہیں۔ کمیشن نے کہا کہ اس نے جنسی ہراسانی کی شکار مظلومین سے اپنی تحریری شکایتیں متعلقہ حکام کے پاس درج رجسٹر کرانے کی اپیل کی ہے، ان میں قومی کمیشن برائے خواتین شامل ہے۔ مشکل یہ ہے کہ وہ شکایت درج نہیں کراتی ہیں۔