پٹنہ ۔ 20 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان کو نریندر مودی کی مدافعت کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہا کہ گجرات میں 2002 ء میں جو کچھ ہوا اُسے ’’فراموش یا معاف ‘‘ نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ ’’آپ بھلے ہی کچھ بھی کہہ لیں لیکن گجرات میں جو کچھ پیش آیا اُسے بھلایا یا معاف نہیں کیا جاسکتا ‘‘ نتیش نے اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی ۔
وہ سلمان خان کے بیان پر ردعمل ظاہر کررہے تھے کہ کیوں مودی کو گجرات فسادات کے لئے معذرت خواہی کرنی ہوگی جبکہ اُنھیں عدالت کلین چٹ دے چکی ہے ۔ نتیش بلٹ ٹرینوں سے متعلق مودی کے ویژن سے بھی متاثر نہیں دکھائی دیئے ۔ نتیش نے جو این ڈی اے حکومت کے دوران خود وزیر ریلوے کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ، کہا کہ بلٹ ٹرینوں کا خیال سب سے پہلے آنجہانی اندرا گاندھی نے 1980 کے دہے میں پیش کیا تھا اور یہ نظریہ وقفہ وقفہ سے سامنے آتا رہاہے ۔