گجرات میں مسلمانوں کی نسل کشی کو بھی تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے

خواتین کی عصمت ریزی کو بھی تعلیم کا حصہ بنایا جائے ۔ وی ہنمنت راؤ کی وزیر اعظم مودی پر سخت تنقید
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ایمرجنسی کی یاد تازہ کرنے والے وزیراعظم نریندر مودی کو گجرات میں مسلمانوں کی نسل کشی خواتین کی عصمت ریزی کے واقعات کو بھی تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا مشورہ دیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ایمرجنسی کے 43 سال کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کو تنقید کا نشانے بناتے ہوئے ایمرجنسی کے واقعات کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے پر زور دے رہے ہیں ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی کی جانب سے اندرا گاندھی کو ہٹلر قرار دینے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک کے عوام 2002 کے دوران گجرات میں مسلمانوں کی جو نسل کشی ہوئی ہے اس کو آج تک فراموش نہیں کرپائے ہیں ۔ ہزاروں مسلمانوں کو ہلاک کردیا گیا ۔ خواتین کی عصمت ریزی کی گئی ۔ معصوم بچوں کو بھی بخشا نہیں گیا ۔ گجرات کی اس درندگی کو ملک کے عوام مسلمان ابھی تک بھول نہیں پائے ہیں ۔ یہ سب نریندر مودی اور امیت شاہ کے دور اور ان کی سرپرستی میں کیا گیا ہے جب ایمرجنسی کے واقعات کو تعلیمی نصاب میں شائع کیا جارہا ہے تو گجرات کے فسادات کو کیسے نظر انداز کیا جاسکتا ہے ۔ جس کی اس وقت کے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے بھی مذمت کرتے ہوئے ہندوستان کا سرشرم سے جھک جانے کا ریمارک کیا تھا ۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی عوام سے کئے گئے وعدوں کو نبھانے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ گجرات اور کرناٹک میں ساری طاقت جھونک دینے کے باوجود عوام نے بی جے پی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ اترپردیش لوک سبھا کے تین ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو شکست ہوئی ہے ۔ اقتدار کے چار سال مکمل ہونے کے باوجود کالا دھن ملک نہیں آیا اور نہ ہی ہر شہری کے بنک اکاونٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع ہوئے ہیں ہر سال 2 کروڑ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا مگر نوٹ بندی اور جی ایس ٹی پر عمل آوری کرتے ہوئے جو لوگ روزگار سے وابستہ تھے ۔ انہیں بھی بے روزگار بنادیا گیا ۔ حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی ایمرجنسی کی یاد تازہ کرتے ہوئے اندرا گاندھی کے بشمول کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ کانگریس کے قائد وی ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر تلنگانہ کو چھوٹا مودی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی وسط مدتی انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ کے سی آر فوری راج بھون پہونچ کر استعفیٰ پیش کردیں ۔ انتخابی نتائج سے پتہ چل جائے گا ریاست کے عوام کس کے ساتھ ہے ۔ ریاست میں کے سی آر کی اور مرکز میں مودی کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے ۔ جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔۔
نیٹ کی تلنگانہ اسٹیٹ کی نئی لسٹ
اسنادات کی تنقیح پھر کالجس کا انتخاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کی کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنس کے تحت ریاست کے میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس اور ڈینٹل کالجس میں بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے نیٹ کے ذریعہ آن لائن رجسٹریشن کروانے امیدواروں کی لسٹ جاری کرتے ہوئے آل انڈیا رینک اور اسٹیٹ رینک کے ذریعہ کونسلنگ رکھی ہے اور اسنادات کی تنقیح جانچ کے لیے ہیلپ لائن مراکز پر جانا ہوگا پھر کالجس کو ویب آپشن کے ذریعہ انتخاب کرسکتے ہیں ۔ دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس پر 3 تا 7 بجے مسٹر ایم اے حمید اور منظور احمد کونسلنگ کررہے ہیں ۔ رجوع ہو کر استفادہ کرسکتے ہیں ۔۔