احمد آباد،28نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی طر ف سے انتخابی میدان میں قسمت آزمانے والے نوجوان رہنمااور ٹھاکور سینا کے صدر الپیش ٹھاکور نے آج دعوی کیا کہ گجرات میں صرف سڑکوں کی ترقی ہوئی ہے عوام کی نہیں ڈ جس کی وجہ سے اس مرتبہ وزیر اعلی وجے روپانی اور نائب وزیر اعلی نتن پٹیل دونوں انتخاب ہار جائیں گے اور کانگریس دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔الپیش نے آج یہاں ایک پروگرام میں کہا کہ گجرات میں صرف سڑکوں کی ہی ترقی ہوئی ہے ۔ لیکن انہیں سڑکوں کے کنارے غریبی اور بے روزگاری پنپ رہی ہے ۔ ریورفرنٹ کے پاس ہی جھگیاں ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ ریاست میں ساٹھ لاکھ لوگ بے روزگار ہیں۔ ڈیڑھ لاکھ چھوٹے صنعت بند ہوچکے ہیں۔ شراب بندی کے باوجود یہاں کھلے عام شراب فروخت ہورہی ہے اور ہر سال دس سے پندرہ ہزار لڑکے اسے پینے سے مر رہے ہیں ۔39لاکھ کسانوں میں سے ہر ایک پر 73 ہزار روپے کا قرض ہے۔
دہلی میں فضائی ماحول بیحد خراب
نئی دہلی،28نومبر(سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت دہلی میں آج ہوا کا معیار بہت ہی خراب رہا اور موسم کے حالات کے پیش نظر ریل گاڑیوں کی آمدو رفت بھی متاثر ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوامیں موجودہ آلودگی عناصر پی ایم دس کی سطح 277گرام فی کیوبک مکعب میٹر اور پی ایم 2.5کی سطح 168 گرام فی کیوبک مکعب میٹر درج کی گئی جو خراب اور بہت خراب زمرے میں آتی ہے ۔داراحکومت میں آج کا کم از کم درجہ حرارت 8.6ڈگری سیلسیس درج کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27ڈگری کے آس پا رہنے کی امید ہے ۔نمی کی سطح 85سے49فیصد کے درمیان رہی۔