احمدآباد ۔ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں آج سوائن فلو نے مزید 8 جانیں لے لیں جس کے ساتھ اس مہلک وائرس کے سبب اموات کی جملہ تعداد رواں سال جنوری سے 53 تک پہنچ گئی ہے۔ گجرات کے ہیلت کمشنر جے پی گپتا نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ آج سوائن فلو کے سبب مزید 8 افراد فوت ہوئے۔ اس کے علاوہ آج 61 نئے کیسوں کی اطلاع ملی ہے۔ احمدآباد اور سورت کے ضلعوں میں دو ، دو اموات پیش آئیں جبکہ ریاست کے دیگر اضلاع کچھ ، داھوڑ ، دوارکا اور وڈوڈرا میں ایک ، ایک مریض فوت ہوگیا۔