گاندھی نگر۔ 29 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) پڑوسی ریاست راجستھان کی راجدھانی جے پور میں ایک ماہ میں زیکا وائرس کے 140 معاملے روشنی میں آنے کے بعد گجرات میں بھی اس سال ایسا پہلا معاملہ سامنے آنے کی ریاستی حکومت نے تصدیق کی ہے ۔شعبہ صحت کے پرنسپل سکریٹری اور ریاست کی ہیلتھ کمشنر جینتی روی نے آج بتایا کہ یہ معاملہ ریاست کے سب سے بڑے شہر احمدآباد کے امرائی واڑی علاقے میں سامنے آیا۔ گزشتہ 22 اکتوبر کو اس مشتبہ معاملے کی مثبت رپورٹ اب سامنے آئی ہے لیکن اب تک وہ مریض پوری طرح صحت مند ہوچکا ہے ۔امرائی واڑی سمیت کئی دیگر علاقوں میں مچھروں کے لاروا ختم کرنے کے لئے باضابطہ مہم چلائی گئی ہے ۔ احمدآباد مہانگرپالیکا کے کمشنر وجے نہرا نے بتایا کہ زیکا وائرس کی وجہ سے ہلاکت نہیں ہوتی ہے پر یہ حاملہ خواتین کے پیٹ میں پل رہے بچوں کے لئے خطرناک ہوتا ہے کیونکہ حمل کے پہلے تین ماہ میں اس کے انفیکشن سے بچے کا سر چھوٹا ہوجاتا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اب تک احمدآباد کے امروائی سمیت سات لاکھ کی آبادی والے وارڈ14 میں جانچ اور لاروا ختم کرنے کے لئے مہم چلائی گئی تھی۔ 5183 حاملہ خواتین میں سے بخار سے متاثرہ 257 خواتین کے خون کے نمونے لئے گئے تھے جن میں سے اب تک 135 کے رپورٹ آچکی ہیں اور ان میں سے کسی ایک میں بھی زیکا وائرس نہیں پایا گیا ہے ۔ زیکا وائرس اسی مچھر سے پھیلتا ہے جس سے ڈینگی اور چکن گنیا جیسی بیماریاں ہوتی ہیں۔