گجرات میں ایک سادھوی 1.29 کروڑ نقدی کیساتھ گرفتار

احمدآباد 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گجرات پولیس نے 5.2 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کے ایک معاملہ میں ایک سادھوی کو 3 معاونین کے ساتھ گرفتار کرلیا اور اُس کے قبضہ سے 1.29 کروڑ نقدی کے علاوہ سونے کے بسکٹ اور ہندوستانی ساختہ بیرونی شراب کی بوتلیں بھی برآمد کرلئے۔ جمعہ کو کی گئی اِس پولیس کارروائی میں شمالی گجرات کے ضلع بنس کنٹھ کے پالن پور سے سادھوی جئے شری گری اور اُس کے 3 معاونین گرفتار کئے گئے۔ یہ گرفتاری ایک مقامی جیویلر پرتیش شاہ کی پولیس سے شکایت کے بعد ہوئی۔ پرتیش نے بیان کیاکہ اُس نے نومبر میں سادھوی اور اُس کے ساتھیوں کو 5.2 کروڑ روپئے مالیت کے طلائی زیورات بطور قرض دیئے تھے۔ جب انھوں نے بار بار پوچھنے کے باوجود قرض لی ہوئی اشیاء کی واپسی نہیں کی تو پرتیش پولیس سے رجوع ہوا۔ پولیس ذرائع نے کہاکہ اِس کے علاوہ سادھوی نے بعض دیگر مقامی جیویلرس کے پاس سے بھی رقم اس وعدے کے ساتھ لی تھی کہ انھیں گولڈ سستی شرحوں پر فراہم کرے گی۔