نئی دہلی ، 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج احمدآباد کی سماعتی عدالت کو مزید تین ماہ کا وقت عطا کردیا کہ وہ گجرات میں 2002ء کے گلبرگ سوسائٹی اور نروڈا گام فساد کیسوں میں شنوائی کا اختتام کرلے۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتّو اور جسٹس ایم بی لولور اور جسٹس ایم وائی اقبال پر مشتمل بنچ نے ڈسٹرکٹ جج ، احمدآباد کا مکتوب ریکارڈ میں شامل کرلیا جس میں ان دونوں کیسوں میں ٹرائل کے اختتام کیلئے مقررہ وقت میں توسیع کی استدعا کی گئی ہے۔ بنچ نے کہا کہ ہم تین ماہ کی توسیع عطا کرتے ہیں۔ گلبرگ سوسائٹی قتل عام کیس میں سابق کانگریس ایم پی احسان جعفری اور 67 دیگر ہلاک ہوگئے تھے۔ نروڈا گام کیس میں جو 11 افراد کی ہلاکت سے متعلق ہے، سابق وزیر گجرات مایا کوڈنانی کلیدی ملزمین میں سے ہے۔ فاضل عدالت قومی انسانی حقوق کمیشن اور مختلف این جی اوز کی عرضی پر نو حساس مقدمات کی نگرانی کرتی آئی ہے۔ ان مقدمات کا تعلق مختلف علاقوں گلبرگ سوسائٹی، اوڈے، سردارپورہ، نروڈا گاؤں، نروڈا پاٹیہ، ماچی پیٹھ، ترسالی، پندرواڑہ اور راگھوپورہ میں پیش آئے فسادات سے ہے۔