احمدآباد ۔19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے فرقہ وارانہ فسادات کی تحقیقات کرنے والے عدالتی کمیشن نے آج کہا کہ مودی کے خلاف خاطرخواہ ثبوت نہیں ہونے کی وجہ سے انہیں ناناوتی کمیشن کے سامنے حاضر ہونے کیلئے سمن جاری نہیں کیا گیا۔ نریندر مودی اس وقت گجرات کے چیف منسٹر تھے۔ ان پر الزامات ہیکہ انہوں نے گجرات فسادات کی حمایت کی تھی۔ کمیشن کے چیرمین اور ریٹائرڈ سپریم کورٹ جج جسٹس جی ٹی راناوتی نے مودی کو سمن جاری نہ کرنے کی وجوہات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مودی کے خلاف سمن اس لئے جاری نہیں کیا گیا کیونکہ کمیشن کے پاس ٹھوس ثبوت نہیں تھا۔ ناناوتی سے جب یہ پوچھا گیا کہ آخر ایک شخص کو کس طرح کلین چٹ دی جاسکتی ہے جبکہ تحقیقاتی ادارہ نے اسے پوچھ گچھ کیلئے طلب ہی نہیں کیا تو انہوں نے اس کا کوئی صحیح جواب نہیں دیا۔