گجرات : دوکانیں 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت

احمد آباد 4 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات میں دوکانیں اور کاروباری ادارے اب چوبیس گھنٹے کھلے رہ سکتے ہیں کیونکہ گجرات شاپس اینڈ اسٹابلشمنٹ ایکٹ 2019 پر یکم مئی سے عمل آوری شروع ہوگئی ہے ۔ حکومت نے یہ بات بتائی ۔ اس قانون کو ماہ فبروری میں اسمبلی میں منظوری دیدی گئی تھی اور یکم مئی سے اس پر عمل آوری بھی شروع ہوگئی ہے ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ اس قانون کے ذریعہ اب میونسپل کارپوریشن کے حدود میں کاروباری اداروں کو ‘ جو دوکانیں نیشنل ہائی ویز سے قریب ہیں ‘ ریلوے اسٹینشوں ‘ بس اسٹینشوں ‘ دواخانوں اور پٹرول پمپس سے قریب ہیں انہیں 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت دی جائیگی ۔ جو دوکانیں اور کاروباری ادارے اسٹیٹ ہائی ویز کے قریب اور میونسپلٹی حدود میں واقع ہیں وہ صبح چھ بجے سے رات دو بجے تک کھلی رہ سکتی ہیں۔ یہ قانون یکم مئی سے نافذ العمل ہوگیا ہے ۔