گجرات اور پاکستان کے مابین سیٹلائیٹ فون پر بات چیت کا انکشاف

کچھ / نئی دہلی ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سکیورٹی ایجنسیوں نے گجرات اور پاکستان میں مخصوص مقامات سے تھوریا سیٹلائیٹ فون کے ذریعہ سلسلہ وار بات چیت کا پتہ چلایا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی وزارت داخلہ نے چوکسی اختیارکرلی ہے ۔ سکیورٹی ایجنسیاں گجرات کے کچھ علاقہ میں جو سرحد سے بالکل قریب ہے یہاں سے پاکستان میں جس مقام سے ربط قائم تھا وہاں کا پتہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہیں ۔ تھوریا سیٹلائیٹ فونس پر ہندوستان میں امتناع ہے ۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ اس بات چیت کا پاکستان میں موجود دہشت گرد گروپ سے ربط ہوسکتا ہے ۔ تھوریا سیٹلائیٹ فون کمپنی کا مرکز یو اے ای میں ہے اور یہ 110 سے زائد ممالک کو موبائیل خدمات فراہم کرتی ہے ۔