گجرات اور آندھراپردیش کے کھلے مقامات فضلے سے پاک

’سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ‘پر توجہ ، اے پی کیلئے 186کروڑ روپے منظور،مرکزی وزیر وینکیا نائیڈوکا بیان
نئی دہلی ۔2۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گاندھی جی کی 147ویں یوم پیدائش جو سوچھ بھارت مشن کے دو سال مکمل ہوئے ہیں کے موقع پر گجرات اور آندھراپردیش ایسی پہلی ریاستیں بن گئی ہیں جنہوں نے اپنے تمام شہروں اور ٹاؤنس کو کھلے مقامات پر فضلے سے پاک قرار دیا ہے ۔ گاندھی جی کے آبائی ضلع پوربندر اور گجرات کے 180 شہروں و ٹاؤنس کو بھی مرکزی وزیر سربراہی آب و سینی ٹیشن نریندر سنگھ تومر’ گجرات کے وزیراعلی وجئے روپانی کی موجودگی میں پوربندر میں منعقدہ ایک خصوصی پروگرام میں کھلے مقامات پر فضلے سے پاک قرار دیا گیا ہے جبکہ آندھراپردیش کے وزیراعلی چندرا بابو نائیڈو نے تروپتی میں منعقدہ پروگرام میں ریاست کے 110 شہروں اور ٹاؤنس کو کھلے مقامات پر فضلے سے پاک کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ویڈیو لنک کے ذریعہ پوربندر کے پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر شہری ترقی وینکیا نائیڈو نے کہا ”پوربندر ضلع اور دیگر علاقوں کو کھلے مقامات پر فضلے سے پاک قرار دینا یوم پیدائش کے موقع پر گاندھی جی کے لئے ایک عبوری تحفہ ہے جبکہ سوچھ بھارت کا حتمی تحفہ 2اکتوبر 2019ء کو اُن کی 150ویں یوم پیدائش کے موقع پر دیا جائے گا۔”اسی طرح کے آندھراپردیش کے تروپتی میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نائیڈو نے ستیہ گرہ کے طرز پر ناقص اصول صحت سے پاک ملک کو بنانے کے لئے ”سوچھ گرہ” بننے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ستیہ گرہ کے جذبہ سے ہی گاندھی جی کی قیادت میں ملک کو سیاسی آزادی ملی۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر توجہ مرکوز کرنے آندھراپردیش کے لئے 186کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ نائیڈو نے گجرات اور آندھراپردیش کے وزرائے اعلی، وزراء’ مئیرس’ کونسلرس’ بلدی کمشنرس’ عوام اور دیگر متعلقہ افراد کو کھلے مقامات پر فضلے سے پاک بنانے پر مبارکباد پیش کی۔ تقریباً 405 شہر اور ٹاؤنس 82ہزار شہری وارڈس میں سے 20ہزار وارڈس تاحال کھلے مقامات پر فضلے سے پاک قرار دیئے گئے ہیں۔مزید 334 شہروں اور ٹاؤنس کو آئندہ سال مارچ تک کھلے مقامات پر فضلے سے پاک بنایا جائے گا۔