گجرات انتخابات اور اسٹاک مارکٹ

احمدآباد۔4۔ڈسمبر(سیاست نیوز) گجرات انتخابات ہندستانی معیشت پر گہرے اثرات کے موجب بن سکتے ہیں اور آئندہ دنوں میں حصص بازار میں بڑے پیمانے پر تبدیلیا ں رونما ہو سکتی ہیں اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کار چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ گجرات انتخابات کے نتائج کے حصص بازار پر کیا منفی و مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اور بازار کن حالات سے دوچار ہو سکتا ہے ۔ گجرات انتخابات کے نتائج سیاسی جماعتوں اور ملک کی سیاست کے لئے ہی نہیں بلکہ ملک کی معیشت کیلئے بھی انتہائی اہمیت کے حامل بن چکے ہیں کیونکہ حصص بازار میں گجرات کے تاجرین کی سرمایہ کاری کے علاوہ روزمرہ کے معاملات میں گجراتی طبقہ کا کافی گہرا اثر ہے ۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ 18 ڈسمبر کو گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی کے نتائج تک حصص کی قیمتیں اور بازار میں اتار چڑھاؤ کی صورتحال معمول سے ہٹ کر ہوگی اور سرمایہ کاروں کی محتاط پالیسی کا اثر بازار پر دیکھا جائے گا اس کے علاوہ دیگر امور کے باعث بھی بازار کے کمزور رہنے کی قیاس آرائی کی جا رہی ہے لیکن سب سے زیادہ اثر گجرات انتخابات کے سبب پڑ رہا ہے کیونکہ سرمایہ کاروں کی نگاہیں گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے مستقبل اور ملک کی سیاست پر اس کے اثرات پر مرکوز ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست ہوتی ہے تو ایسی صورت میں بازار کے اچھال میں کچھ وقت درکار ہوگا کیونکہ ملک میں برسراقتدار جماعت کو ریاست میں شکست کے منفی اثرات بازار پر ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے اور سابق میں کانگریس کو ملک کی مختلف ریاستوں میں ہونے والی شکست پر بھی حصص بازار کی حالت خراب ہوئی تھی لیکن اس میں بتدریج سدھار آجاتا ہے۔