سوائن فلو پر فی الفور مباحث کے مطالبہ پر کانگریس کا احتجاج اور نعرے بازی
گاندھی نگر 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )گجرات اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آج ہنگامہ خیز آغاز ہوا جبکیہ سوائن فلو کے مسئلہ پر فی الفور مباحث کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن کانگریسی ارکان کے مسلسل احتجاج اور نعرہ بازی کے باعث ریاستی گورنر مسٹر او پی کوہلی اپنا خطاب مختصر کرنے پر مجبور ہوگئے ۔ بجٹ اجلاس کے پہلے دن جیسے ہی ریاستی گورنر او پی کوہلی اپنے خطاب کیلئے پہنچے کانگریسی ارکان اسمبلی نے چہروں پر میڈیکل ماسک لگا کر احتجاج کیا ۔گورنر نے جیسے ہی اپنے خطاب کا آغاز کیا کانگریسی ارکان نے ابتداء میں اپنی نشستوں پر بیٹھ کر نعرے بلند کئے ۔ بعدازاں کھڑے ہوکر نعرہ بازی میں شدت پیدا کردی ۔ احتجاجی ارکان نے گورنر کی طرف کاغذات بھی پھینکے اور سوائن فلو پر سب سے پہلے مباحث کا مطالبہ کرتے رہے اور کہا کہ اس مسئلہ کے بعد دیگر مسائل پر غور کیا جائے ۔ انہوں نے حکومت مخالف نعرے بلند کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں H1N1وائرس پر قابو پانے میں بی جے پی حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ تاہم ریاستی گورنر تقریبا 15 منٹ تک اپنی تحریری تقریر پڑھتے رہے اور شور و غل کے دروان اپنی باقیماندہ تقریر میز پر رکھ دی تا کہ یہ تصور کرلیاجائے کہ تقریر پڑھ لی گئی ہے ۔ کارگذار اسپیکر ستیما آچاریہ نے گورنر کے خطاب کے بعد 15 منٹ کیلئے چائے کے وقفہ کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ اسپیکر اسمبلی گنپت وسوا سورت کے ایک ہاسپٹل میں ان دنوں سوائن فلو کا علاج کروا رہے ہیں۔ بعدازاں ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوتے ہی ریاستی وزیر پارلیمانی امور پرادی سپنا جڈیجہ نے کانگریسی ارکان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جنہوں نے گورنر کی سمت کاغذ پھینکے تھے۔تاہم کانگریسی لیڈر شکتی سنہا گوہلی نے کسی بھی کارروائی کی مخالفت کی اور کہا کہ ریاست میں چونکہ سوائن فلو سے کثیر تعداد میں اموات واقع ہوئی ہیں اس مسئلہ پر فی الفور مباحث کا اصرار کررہے تھے۔ انہوں نے پارٹی ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کی شدید مخالفت کی لیکن اسپیکر اسمبلی آچاریہ نے کہا کہ حکمران جماعت کی جانب سے اٹھائے گئے نکتہ کو قبول کرلیا گیا ہے اور ویڈیو فوٹیج کا مشاہدہ کرنے کے بعد ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ ریاست بھر میں سوائن فلو سے 207 افراد فوت اور 3000سے زائد کیسس درج کئے گئے ہیں۔