گجراتی مسلمانوں کی جائیدادوں پر قبضہ کیلئے توگاڑیہ کی دھمکی

عام آدمی پارٹی کی سخت تنقید ، وی ایچ پی لیڈر کیخلاف کارروائی مطالبہ

نئی دہلی ۔ 21 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات میں جائیدادیں خریدنے والے ایک مسلم تاجر کو وشواہندو پریشد ( وی ایچ پی ) کے لیڈر پروین توگاڑیہ کی جان سے نشانہ بنائے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوے عام آدمی پارٹی نے آج مطالبہ کیا کہ انتخابات کے دوران فضاء کو مکدر بنانے والے دائیں بازو کے سخت گیر ہندو لیڈر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ عام آدمی پارٹی نے یہاں جاری کردہ اپنے ایک صحافتی بیان میں کہاکہ ’’یہ ایک انتہائی افسوسناک اور شرمناک حرکت ہے جو تمام شہریوں کو مساویانہ حقوق فراہم کرنے ولے دستور ہند کے مغائر ہے ۔ عام آدمی پارٹی اس ضمن میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتی ہے کہ توگاڑیہ کے خلاف فی الفور راست ایف آئی آر درج کیا جائے ۔ کمیشن کو توگاڑیہ کے خلاف سخت کارروائی کرنا چاہئے ۔ انھیں انتخابات کے دوران پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے ‘‘۔ عام آدمی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو بھی بروقت سخت کارروائی کرتے ہوئے اپنی صفائی کا مظاہرہ کرنا چاہئے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’عام آدمی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ چیف منسٹر گجرات اس حرکت کی برسرعام مذمت کریں اور توگاڑیہ اور ساتھی ہجوم کے خلاف سخت کارروائی کریں اور یہ تیقن دیں کے مستقبل میں اس طرح کے واقعات کے اعادہ کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ اگر توگاڑیہ اور ان کے حامیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی تو ایسے واقعات میں مودی کا ملوث ہونا واضح ہوجائے گا ‘‘ ۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق توگاڑیہ نے گجرات کے بھاؤنگر میں ایک اشتعال انگیز تقریر کی تھی اور مسلمانوں کو ان کے گھروں کے تخلیہ کے لئے 48 گھنٹوں کا وقت دیا تھا اور ناکامی کی صورت میں اپنے حامیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ مسلم جائیدادوں پر زبردستی قابض ہوجائیں اور قانونی لڑائی لڑیں جو کئی سال تک جاری رہیگی ‘‘ ۔ میڈیا اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ توگاڑیہ نے تشدد کی دھمکی بھی دی تھی اور اپنے حامیوں سے کہا تھا کہ وہ پتھروں ، ٹائرس اور ٹماٹر کے ساتھ وہاں پہونچیں ۔ ڈرنے ، گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ‘‘۔ اس سے دو دن قبل بہار کے نواڈا لوک سبھا حلقہ میں بی جے پی کے امیدوار گری راج سنگھ نے کہا تھا کہ مودی کے مخالفین پاکستان چلے جائیں۔ عام آدمی پارٹی نے کہاکہ اس قسم کی دھمکیوں اور بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی اور اس سے ملحقہ وی ایچ پی جیسی تنظْمیں ووٹوں کے لئے فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی پیدا کرتے ہوئے ملک کی صورتحال مکدر کررہے ہیں۔