گایوں کے ریوڑ سے ٹکر ٹرین پٹری سے اتر گئی

لندن ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں ایک مسافر ٹرین کے سفر کے دوران پٹریوں سے گذرنے والے گایوں کے ایک ریوڑ سے ٹکرا جانے کے حادثہ میں 70 مسافرین بال بال بچ گئے جبکہ پانچ گایوںکی ہلاکت کی خبر ہے۔ ٹرین میں جملہ 8 بوگیاں تھیں جن میں سے ایک بوگی ٹکر کے بعد پٹری سے اتر گئی۔ ٹرین لندن چیرنگ کراس سے رامس گیٹ کی جانب سفر پر تھی جبکہ کنیٹ کے قریب گایوں کا ریوڑ ٹرین سے ٹکرا گیا۔ ایک ترجمان کے مطابق تمام 70 مسافرین کو بوگی سے نکال کر محفوظ مقام لے جایا گیا جبکہ ریل نیٹ ورک کو اس لائن پر کچھ گھنٹوں کے لئے بند کردیا گیا۔ ریل نیٹ ورک کو حالانکہ حادثہ سے ایک گھنٹہ قبل یہ اطلاع ملی تھی کہ کنیٹ کے قریب پٹریوں پر گایوں کا ایک ریوڑ موجود ہے۔ اس حادثہ کی برٹش ٹرانسپورٹ پولیس (BTP) کی جانب سے تحقیقات کی جائے گی۔