گاڑی کے دستاویزات موبائیل فون پر محفوظ کرنے کی سہولت

حیدرآباد۔/30مارچ، ( این ایس ایس) تلنگانہ میں گاڑی استعمال کرنے والوں کیلئے ایک نئی سہولت فراہم کی گئی ہے اور وہ اپنے متعلقہ دستاویزات موبائیل فون میں محفوظ کرسکتے ہیں۔ ریاستی حکومت نے اس مقصد کیلئے ایک نیا اپلیکیشن متعارف کیا ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ اور وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے آج سکریٹریٹ میں وہیکل موبائیل ویالٹ اپلیکیشن کا افتتاح کیا۔ گاڑی استعمال کرنے والے یہ اپلیکیشن اپنے موبائیل فون پر ڈاون لوڈ کرتے ہوئے تمام دستاویزات محفوظ کرسکتے ہیں۔
خشک سالی سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات: کے ٹی آر
حیدرآباد۔/30مارچ، ( آئی این این ) وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقیات مسٹر کے تارک راما راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔ اسمبلی میں آج پینے کے پانی کے بحران اور خشک سالی کی صورتحال پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے بتایا کہ موسم گرما میں پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے 329کروڑ روپئے فراہم کئے گئے ہیں ان میں جی ایچ ایم سی علاقوں کیلئے 60کروڑ روپئے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ مارچ گزشتہ ایک دہے کے دوران اب تک کا سب سے گرم ترین رہا۔ اس ماہ میں اعظم ترین درجہ حرارت 42ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔