گاؤ رکشا کے نام پر جان لیوا حملے تشویشناک:نیشنل کانفرنس

سری نگر 23جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس نے صوبہ جموں کے ضلع رام بن میں شرپسند عناصر کی طرف سے گؤرکشا کے نام پر 65سالہ شہری پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملوثین کو فوری طور پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفے ٰ کمال اور پارٹی لیڈر و ضلع صدر رام بن سجاد شاہین نے ایک مشترکہ بیان میں گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ گؤ رکشا کے نام پر ریاست کی مذہبی ہم آہنگی اور آپسی رواداری کو ٹھیس پہنچانے والے عناصر کی فوری طور پر لگام کسی جائے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز رام بن میں 65سالہ شہری عبدالمجید شیخ کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا وہ انتہائی تشویشناک ہے ۔ دونوں لیڈران نے کہا کہ سابق پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت نے ان عناصر کی پشت پناہی کی جس کی بدولت آج ہمیں یہ دن دیکھنے پڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر سابق حکومت نے ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی ہوتی آج ایسے واقعات پھر سے رونما نہیں ہوتے ۔ لیڈران نے کہا کہ ہندوستان بھر میں ایسے واقعات رونما ہورہے ہیں اور وزیرا عظم و سپریم کورٹ کی طرف سے صاف احکامات کے باوجود بھی زمینی سطح پر ان عناصر کے خلاف کارروائی نہیں ہورہی ہے ۔دونوں لیڈران نے ریاستی گورنر شری این این ووہرا سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر ایسے عناصر کی لگام کسنے کے لئے اقدامات اٹھائے ۔ تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ فرقہ پرست عناصر امن و امان کی فضا اور آپسی بھائی چارہ کو پارہ پارہ کرنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں۔