گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس و دیگر اسٹاف کیلئے حاضری کا بائیو میٹرک سسٹم

حیدرآباد 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) انتظامیہ دواخانہ گاندھی نے فورتھ کلاس ملازمین، سکیورٹی گارڈس، پی جی ڈاکٹرس، سینئر ڈاکٹرس اور ہاؤز سرجنس تمام کیلئے بائیو میٹرک حاضری لازم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سے متعلق دواخانے کے تمام شعبہ جات ایچ او ڈیز کو احکامات جاری کرکے بائیو میٹرک سسٹمس کی تنصیب شروع کردی گئی ہے اور اس سسٹم کے ذریعہ ملازمین و ڈاکٹرس کی حاضری ریکارڈ کی جائے گی۔ انتظامیہ نے بائیو میٹرک نظام پر عمل آوری کا بہت پہلے ہی فیصلہ کیا تھا مگر دواخانے کے بعض گوشوں کی مخالفت کی وجہ سے فیصلہ ملتوی کردیا گیا تھا۔ بعض پی جی اور ہاؤز سرجن ڈاکٹرس ڈیوٹی میں غیر حاضر رہتے ہوئے بھی چیف پروفیسرس کی سفارشات کے ذریعہ حاضری رجسٹر میں غیر حاضری کو حاضری میں تبدیل کروارہے تھے۔ اس مناسبت سے انتظامیہ نے سختی سے عمل آوری کا فیصلہ کیا جس کی وجہ سے دواخانہ کے ہر ایک ملازم کو بائیو میٹرک سسٹم سے جوڑنے کیلئے جنگی خطوط پر دواخانہ میں بائیو میٹرک مشینیں نصب کی جارہی ہیں۔ دواخانہ کے ایمرجنسی وارڈ میں مرمتی کاموں کے جاری رہنے کی وجہ سے ایمرجنسی وارڈ کو قدیم اے ایم سی وارڈ منتقل کیا گیا ہے اور ڈاکٹرس پر حملوں کے اندیشہ کے تحت قدیم اے ایم سی وارڈ میں سی سی کیمرے نہ ہونے کی وجہ سے وہاں تین سی سی کیمرے نصب کردیئے گئے اور یہاں ہر ایک شعبہ کے اسپیشل ڈاکٹر کی موجودگی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بروقت اسپیشل ڈاکٹرس کی موجودگی کی وجہ سے مریضوں کو راحت ملے گی۔ مریضوں کے شیٹ ریکارڈس میڈیکل ریکارڈ سیکشن میں محفوظ رکھے جاتے تھے جہاں سے کے شیٹ غائب یا آگ حادثات کی وجہ سے مریضوں کے ریکارڈ میں مشکل تھی اس لئے ان تمام کے شیٹ ریکارڈس کو ڈیجٹلائزیشن کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کی وجہ سے مریض دواخانہ میں داخلہ سے لے کر ڈسچارج ہونے تک کے علاج کی تمام تفصیلات آن لائن دیکھ سکتے ہیں۔