حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : گاندھی جنرل ہاسپٹل میں 24 گھنٹے سوپر اسپیشالیٹی طبی خدمات عوام کو دستیاب ہوں گی ۔ 10 کروڑ روپئے کے مصارف سے عصری سہولیات سے لیس 110 بستروں پر مشتمل آئی سی یو وارڈ کو توسیع دی گئی ۔ وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے توسیعی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ 11 اگست کو گورنر نرسمہن اس کا افتتاح کریں گے ۔ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں واقع گاندھی ہاسپٹل سرکاری ہاسپٹلس میں اپنی ایک علحدہ شناخت رکھتا ہے ۔ جہاں یومیہ ہزاروں مریض علاج کے لیے پہونچتے ہیں ۔ اس جنرل ہاسپٹل کو اب سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔ جہاں عوام کو 24 گھنٹے طبی سہولتیں دستیاب رہیں گی ۔ حادثات سے دوچار ہوکر نازک حالت میں ہاسپٹل پہونچنے والے مریضوں کو موثر طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ساتھ ہی جنرل میڈیسن ، کارڈیالوجی ، نیفرالوجی ، نیورو ، گیاسٹروانٹرالوجی ، وغیرہ کے طبی ماہرین کی ہاسپٹل میں 24 گھنٹے خدمات دستیاب رکھی جارہی ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل میں فی الحال 10 بستروں پر مشتمل آئی سی یو یونٹ ہے ۔ جس کو 110 بستروں پر مشتمل یونٹ میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں 65 بستروں کے آئی سی یو یونٹ کو تیار کیا گیا ہے ۔ بہت جلد اس میں مزید توسیع دی جائے گی ۔ کارپوریٹ ہاسپٹلس کے طرز پر آئی سی یو یونٹ میں ہیڈ رالک بیڈس فراہم کئے جارہے ہیں ۔ بیڈ سائیڈ مانیٹرس ، آکسیجن پائپ لائن ، اے سی ، سلائن اسٹانڈس ، مریضوں کے ضروری اشیاء محفوظ رکھنے کے لیے ریاک کے علاوہ مریضوں کے اٹنڈنٹس کے لیے بھی کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ حادثات کا شکار ہونے والوں کا فوری طبی ٹسٹ کرانے کے لیے عصری الٹرا ساونڈ ، ایکسرے مشین کو تیار رکھا گیا ہے ۔ ماضی میں نازک حالت میں آئی سی یو پہونچنے والے مریضوں کو فوری طبی امداد ملنے سے قاصر تھی ۔ سینئیر ڈاکٹرس کی عدم موجودگی سے پی جی ڈاکٹرس متاثرین کی تفصیلات نوٹ کرتے ہوئے انہیں متعلقہ شعبوں سے رجوع کردیا کرتے تھے ۔ حکومت تلنگانہ نے غریب عوام کو ان طبی دشواریوں سے چھٹکارا دلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے گاندھی ہاسپٹل پہونچکر آئی سی یو یونٹ کی توسیعی کاموں کا جائزہ لیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 11 اگست کو گورنر ای ایس ایل نرسمہن گاندھی ہاسپٹل کے ماڈرن آئی سی یو یونٹ کا افتتاح کریں گے ۔۔