گاندھی ہاسپٹل میں شیرخوار کی موت، رشتہ داروں کی توڑ پھوڑ

حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) گاندھی ہاسپٹل میں شیرخوار کی موت کے بعد برہم رشتہ داروں نے دواخانہ میں توڑ پھوڑ کی اور ایک ڈاکٹر پر مبینہ طور پر حملہ کیا۔ چلکل گوڑہ پولیس کے بموجب منگل کی صبح 8 بجے دو ماہ کے سندیپ کو قئے اور تنفس کی شکایت پر اسے گاندھی ہاسپٹل کے آئی سی یو وارڈ میں شریک کیا گیا تھا اور آج شام 7 بجے شیرخوار فوت ہوگیا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر شیرخوار کے ماں باپ اور دیگر افراد خاندان دواخانہ کے قریب جمع ہوگئے اور تقریباً 20 افراد کی ٹولی نے دواخانہ کے شیشے توڑ دیئے اور ڈاکٹر کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔ اس واقعہ کے بعد گاندھی ہاسپٹل میں ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی اور وہاں پر پولیس فورس کو متعین کردیا گیا۔دواخانہ کے ڈاکٹر پر کئے گئے حملہ اور دواخانہ میں توڑ پھوڑ کے خلاف تلنگانہ جونیرس ڈاکٹرس اسوسی ایشن نے گاندھی ہاسپٹل اور نیلوفر ہاسپٹل کے پیڈیاٹرک شعبہ میں اپنی ڈیوٹیوں کے کل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔