گاندھی ہاسپٹل میںمریضوں کو مشکلات

وزیر صحت لکشما ریڈی کا اچانک دورہ، مختلف وارڈس کا معائنہ
آر ایم او ڈاکٹر سرسوتی کی خدمات ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کے حوالے
حیدرآباد۔/29مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے آج گاندھی ہاسپٹل کا اچانک معائنہ کیا اور یہاں بدانتظامی پر سخت برہمی ظاہر کی۔ انہوں نے ایم آر او ڈاکٹر سرسوتی کو ڈیوٹی سے مبینہ غفلت پر فوری تبادلہ کا حکم دیا۔ چنانچہ ان کی خدمات ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کو منتقل کردی گئیں۔ وزیر صحت نے ریاست کے اس بڑے اور اہم ہاسپٹل کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں ناکامی اور یہاں کے ناقص انتظامات کو دیکھتے ہوئے برسر موقع تبادلہ کا فیصلہ صادر کیا۔ وہ ایمرجنسی میڈیکل وارڈ اور دیگر وارڈز گئے جہاں مریضوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں طبی امداد کے بارے میں واقفیت حاصل کی۔ آؤٹ پیشنٹ شعبہ میں اسٹریچرس کی عدم موجودگی کے سبب مریضوں کو مشکلات پیش آرہی تھیں چنانچہ انہوں نے آر ایم او کو فوری اسٹریچرس فراہم کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ آئندہ اس معاملہ میں لاپرواہی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈاکٹر لکشما ریڈی کے اس اچانک دورہ میں آر ایم او ڈاکٹر سرسوتی کی لاپرواہی پوری طرح آشکار ہوگئی۔ انتظامی اُمور میں ان کی غفلت کے سبب مریضوں کو بھی مشکلات پیش آرہی تھیں۔ انہوں نے گاندھی ہاسپٹل میں بہت جلد 65 بستروں والا آئی سی یو وارڈ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اس کے علاوہ عصری لیباریٹری کے قیام کیلئے بھی اقدامات کا تیقن دیا۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔وزیر صحت کے دورہ کے موقع پر ہاسپٹل کے مختلف شعبہ جات میں آر ایم او ڈاکٹر سرسوتی کی لاپرواہی نمایاں طور پر دکھائی دے رہی تھی ۔ چنانچہ ڈاکٹر لکشما ریڈی نے ان کے خلاف کوئی اور کارروائی کرنے کی بجائے ان کی خدمات گاندھی ہاسپٹل سے منتقل کرتے ہوئے انہیں ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن سے رجوع ہونے کی ہدایت دی ۔