گاندھی ہاسپٹل سے زیردریافت قیدی فرار

حیدرآباد 11 مارچ (سیاست نیوز) گاندھی ہاسپٹل کے جیل وارڈ میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب چیرلہ پلی جیل کا زیردریافت قیدی دواخانہ سے فرار ہوگیا۔ 25 سالہ پی وکی جسے مائیلاردیو پلی پولیس نے مزید جہیز کی ہراسانی میں کچھ عرصہ قبل گرفتار کیا تھا اور اُسے چیرلہ پلی جیل منتقل کردیا تھا۔ لیکن وکی نے جیل میں بلیڈ کے ٹکڑے کھاکر خودکشی کی کوشش کی تھی جس کے نتیجہ میں اُسے گاندھی ہاسپٹل میں علاج کے لئے شریک کیا گیا تھا اور اُسے جیل وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ وکی نے سکیورٹی عملے کو چکمہ دے کر وہاں سے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کرلی۔ گاندھی نگر پولیس نے اِس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اُس کی تلاش شروع کردی۔