’گاندھی نے ’ہے رام ‘کہا ہوگا، میں نے نہیں سنا‘

سابق شخصی مددگار وینکٹا کلیانم اپنے بیان سے پھر منحرف
چینائی 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاتما گاندھی کے ایک شخصی مددگار جس نے گاندھی جی کے قتل کے بارے میں 10 سال قبل یہ کہتے ہوئے قوم کو صدمہ سے دوچار کردیا تھا کہ ’ہے رام‘ ان (گاندھی جی) کے آخری الفاظ نہیں تھے۔ تاہم اب یہ دعویٰ کیا ہے کہ قبل ازیں ان کے حوالہ سے غلط کہا گیا تھا۔ وینکٹا کلیانم نے جو 1943 ء تا 1948 ء باپو کے پرنسپل سکریٹری رہ چکے ہیں، پی ٹی آئی سے کہاکہ ’’میں نے کبھی بھی یہ نہیں کہاکہ گاندھی جی نے ’’ہے رام‘‘ کہا ہی نہیں تھا۔ میں نے کہا تھا کہ اُنھیں ’’ہے رام‘‘ کہتے ہوئے میں نے نہیں سنا تھا۔ مہاتما نے شائد یہ کہا ہوگا، میں نہیں جانتا‘‘۔ وینکٹا کلیانم جو اب 96 برس کے ہوچکے ہیں، یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ 30 جنوری 1948 ء کو پیش آئے المناک واقعہ کے گواہ ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’اس واقعہ کے بعد گڑ بڑ و چیخ پکار کے سبب شائد اُنھوں نے یہ نہیں سنا ہوگا‘‘۔ کلیانم نے کہاکہ ’’جب مہاتما کو گولی ماری گئی ہر کوئی چیخ پکار کررہا تھا۔ گڑ بڑ میں مجھے کچھ سنائی نہیں دیا گیا۔ شائد اُنھوں (گاندھی جی) نے ’ہے رام‘ کہا تھا ہوگا۔ میں نہیں جانتا‘‘۔ وینکٹا کلیانم نے 2006 ء میں یہ کہتے ہوئے ملک کو صدمہ میں ڈال دیا تھا کہ ناتھو رام گوڈسے کے ہاتھوں چلائی گئی گولی لگنے کے بعد اُنھوں (گاندھی جی) نے گرتے وقت ’ہے رام نہیں‘ کہا تھا۔ لیکن مہاتما کے پڑپوتے تشار گاندھی نے وینکٹا کلیانم کے اس ریمارک کو بکواس قرار دیا تھا۔ کلیانم نے کہاکہ گوڈسے نے مہاتما گاندھی کا صرف ایک مرتبہ قتل کیا لیکن سیاسی جماعتیں ان (گاندھی جی) کی تعلیمات پر عمل نہ کرتے ہوئے اُنھیں (گاندھی کو) ہر دن ہلاک کررہی ہیں۔